وفاقی بجٹ تین جون کو ہی پیش کیا جائے گا‘ اسحاق ڈار

معاشی اہداف حاصل کرلیے،اب ترقی ہماری ترجیح ہوگی آپریشن ضرب عضب مکمل ہونے تک مردم شماری نہیں ہوسکتی‘ حکومت نے تمام انتظامات مکمل کرلیے لیکن فوج کی شرکت ضروری ہے وزیراعظم کی صحت بہتر ہورہی ہے، واپسی ڈاکٹروں کی ہدایت کی روشنی میں ہوگی،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 جون 2016 09:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جون۔2016ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2016-17 ء تین جون کو ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا‘آپریشن ضرب عضب مکمل ہونے تک مردم شماری نہیں ہوسکتی‘ حکومت نے تمام انتظامات مکمل کرلیے لیکن فوج کی شرکت ضروری ہے‘ 2 صوبوں کی مردم شماری پر اعتراض تھا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مردم شماری اور رائے شماری کیلئے ہم نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں دو صوبوں کو اعتراض تھا ایک صوبے نے افغان مہاجرین کی واپسی تک مردم شماری روکنے کی درخواست کی تھی انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کے خاتمے تک مردم شماری نہیں کر سکتے مردم شماری اور رائے شماری کیلئے فوج کی شرکت بھی ضروری ہے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے معاشی اہداف حاصل کرلیے ہیں اب ترقی ہماری ترجیح ہوگی اور آئندہ مالی سال زرعی اور صنعتی شعبوں کی ترقی پر توجہ مرکوز ہوگی بجٹ میں زراعت‘ ٹیکسٹائل اور صنعتوں کو ریلیف دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ تین جون کو ہی پیش کیا جائے گا بجٹ کے اجلاس کیلئے کسی الگ نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں ہے ہم برآمدات میں اضافے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ ایسا ہوا ہے کہ محصولات کے ہدف پر نظر ثانی نہیں کررہے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کمیٹی کرے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی صحت بہتر ہورہی ہے وہ اب غنودگی سے نکل آئے ہین اور ڈاکٹر ان کی ریکوری سے مطمئن ہیں وزیراعظم کی وطن واپسی ڈاکٹروں کی ہدایت کی روشنی میں ہوگی۔