وزیراعظم کی صحتیابی کیلئے صدقے،اسلام آباد میں کالے بکروں کی قیمتیں بڑھ گئیں

بیوپاریوں نے قیمتوں میں بھی بے انتہا اضافہ کر دیا،مانگ میں اضافے کے ساتھ ہی 15سے 20ہزار کا کالابکرا 30ہزار کا ہو گیا کئی لیگی رہنما کالے بکروں کے ساتھ تصاویر بنوا کر چلے جاتے ہیں ، بکرے کی خریداری نہیں کرتے،بیوپاری کی خبر رساں ادارے سے گفتگو

بدھ 1 جون 2016 09:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحتیابی کے لئے لیگی رہنماؤں سمیت عوام الناس نے کالے بکروں کے صدقے چڑھانے شروع کر دیئے ۔ وفاقی دارالحکومت میں کالے بکروں کی مانگ میں اضافے کے باعث قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں ۔ بعض لیگی رہنماؤں نے صرف بکروں کے ساتھ سلفیاں لے کر بھی کام چلا لیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو لیگی رہنماؤں سمیت عوام الناس نے کالے بکروں کے صدقے دینا شروع کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے جڑواں شہروں خصوصاً اسلام آباد میں کالے بکروں کی مانگ میں بے انتہا اضافہ ہو گیا ہے بیوپاریوں نے بکروں کی مانگ بڑھنے پر قیمتوں میں بھی بے انتہا اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے کالے بکروں کی قیمتیں آسمان تک جا پہنچی ہیں جو کالا بکرا چند روز قبل 15 ہزار سے 20 ہزار کی قیمت کا تھا آج اس کی قیمت 30 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے جس کا اثر گوشت کی عام مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے اور چھوٹے گوشت کی قیمتیں بھی بیشتر علاقوں میں بڑھ گئی ہیں بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ لیگی راہنما کئی کئی کالے بکرے خرید کر لے جا رہے ہیں اور اپنے قائد وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحتیابی کی دعا کے لئے صدقے کر رہے ہیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماڈل ویلج سیدپور میں موجود بکرا منڈی میں بھی کئی لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے بکروں کی خریداری کی جس کے باعث کالے بکروں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں لیگی مرکزی راہنما امجد بٹ نے اپنے قائد کی صحتیابی کے لئے 11 کالے بکروں کی قربانی کی سیدپور ویلج میں بکروں کی خریداری کے لئے آئے امجد بٹ نے بتایا کہ ہم وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں وہ ہمارے قائد ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ صحتیاب ہو کر واپس آئیں اور پاکستان کی خدمت پہلے کی طرح جاری رکھیں ۔

(جاری ہے)

پوری قوم ہمارے طرح ان کے لئے دعاگو ہے ۔ انشاء اللہ وہ جلد صحت یاب ہو کر آئیں گے چند کالے بکروں کی قربانیاں کچھ بھی نہیں پوری قوم اپنے محبوب کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دل کی بائی پاس منگل کے روز برطانیہ میں ہوا تھا وزیر اعظم کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کے لئے پوری قوم دعاگو تھی جس کے لئے بکروں کی قربانیاں اور صدقے جاری کئے جا رہے ہیں تاہم سیدپور ویلج کی بکرامنڈی میں ایک بیوپاری نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کئی لیگی رہنما آتے ہیں اور صرف کالے بکروں کے ساتھ تصاویر بنوا کر چلے جاتے ہیں وہ بکرے کی خریداری نہیں کرتے ۔ تاہم بیشتر افراد کالے بکروں ک خریداری کر کے صدقے کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :