ٹی او آرز پر ڈیڈلاک ہواتو سڑکوں میں آنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،عمران خان

نواز شریف کو اگر ٹی او آرز سے نکال بھی دیا جائے تو پھر بھی وہ پھنس جائیں گے انہوں نے2005میں اسمبلی میں کمپنیاں بنانے کا جھوٹ بول کر ہم پر احسان کیا بے رحم احتساب ہی ہمارے ملک کے مقدر کی ضمانت ہے اب وقت ہے اگر خدانخواستہ یہ نکل گیا تو سیاسی جماعتیں عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گی خواجہ آصف کو صرف بلیک میل کرنے کیلئے رکھا ہوا ہے ،پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں مگر اسے دو افراد نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا،صحافیوں سے گفتگو

بدھ 1 جون 2016 09:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پرٹی او آر ز کے معاملہ پر ڈیڈلاک پیدا ہواتو ہمارے پاس سڑکوں میں آنے کے علاوہ اور کوئی آپشن موجود نہیں ہو گا۔جس انداز سے ہماری اسمبلی میں جھوٹ بولا جاتا ہے اگر دنیا میں کسی اور اسمبلی ایسا ہو تو گھنٹوں میں استعفیٰ لے لیا جائے ۔

میاں نواز شریف کو اگر ٹی او آرز سے نکال بھی لیا جائے تو پھر بھی وہ پھنس جائیں گے انہوں نے اسمبلی میں 2005میں کمپنیاں بنانے کا جھوٹ بول کر ہم پر احسان کیا ہے ،لندن میں ایک عدالت میں کیس گواہ ہے جس میں انہوں نے ان کمپنیوں کا اعتراف کیا ہے ۔خواجہ آصف کو صرف بلیک میل کرنے کے لیے رکھا ہوا ہے ،پیپلز پارٹی ایک واحد جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں مگر شومئی قسمت اسے دو افراد نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

بلاول کوشش کر رہا ہے پارٹی میں سانس ڈالنے کی مگر اسے سخت ترین محنت کرنا پڑے گی۔مسلم لیگ عوامی جماعت نہیں ہے اور نہ ہی اس پارٹی کا کوئی منشور ہے اگر ہوتا تو آج وزیر اعظم کی غیر موجودگی میں پارٹی کسی اور کو وزیر اعظم منتخب کر چکی ہوتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بنی گالا میں پرنٹ میڈیا کے صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

عمران خان نے مزید کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکلی کر دی ہیں اس کے باوجو د اللہ پاک نے اس ملک کو بے پناہ نوازا ہے اگر اس میں حکمران نیک نیت اور قوم کا سوچنے والے آجائیں تو گرنٹی سے کہتا ہوں ہمارا نام دنیا کے ملکوں میں چند ناموں سے ہو۔یہاں صرف میٹرو ،اورنج ٹرین،اور موٹر ویز کے نام پر ملک کو لوٹا جارہا ہے جو ہمارا زیور ہے اس سے محروم رکھا جا رہا ہے اس وقت دو کروڑ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے ان کے بارے میں کو ن سوچے گا۔

حقیقت ہے کہ کرپشن کو ختم کرنے کے لیے اوپر سے نیچے تک صفائی نہیں ہوگی اس وقت تک اس موزی مرض میں مبتلا رہیں گے ۔پانامہ لیکس پر اگر صاف و شفاف تحقیقات ہو گئیں تو دعوے سے کہتا ہوں کہ موجودہ حکمران جیل میں ہونگے یہ عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔بجٹ پر ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہناتھا کہ یہ الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے عوام سے جھوٹ بول کر بجٹ پیش کیا جاتا ہے آئی ایم ایف کی ڈکیٹیشن کے بغیرحکمران چل ہی نہیں سکتے ،مہنگائی میں عوام کو غوطے دیے جارہے ہیں ،کیسا المیہ ہے کہ غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے ،بے رحم احتساب ہی ہمارے ملک کے مقدر کی ضمانت ہے اب وقت ہے اگر خدانخواستہ یہ نکل گیا تو پھر تمام سیاسی جماعتیں عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس عمران خان نے نہیں بنائی یہ باہر ملک سے آئی ہے ،جہانگیر ترین اور علیم خان کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں ہے اس کے باوجود میرے سمیت سب کا احتساب کیا جائے مگر وزیر اعظم اپنے آپ کو مبرا نہ سمجھیں ان کی گردن بر ے طریقہ سے پھنس چکی ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ نندی پور، نیوائرپورٹ ،نیلم جہلم ،میٹرو بس،اورنج ٹرین سمیت تمام میگا پراجیکٹس کا احتساب ہونا چاہیے کہ اس میں کتنی کرپشن ہوئی ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانا کوئی آسان کام نہیں ہے دنیا میں لڑائیاں بھی ہوتی ہیں مگر احتساب پارٹی کے اندر ہوتا ہے پانامہ لیکس ایشو کے بعد ہم فوری طور پر انٹرا پارٹی الیکشن کروا دیں گے اس میں ہمیں صرف تین ہفتے درکار ہونگے ۔گلگت بلتستان جب الیکشن ہو رہے تھے جب ہم پہلی بار وہاں پہنچے تو وہاں تحریک پہلے پہنچ چکی تھی اور پتھروں پر پی ٹی آئی کے نعرے لکھے ہوئے تھے ،اسی طر ح کشمیر میں بھی پی ٹی آئی پہلے گئی اور ہم بعد میں گئے ہیں برسٹر سلطان کشمیر میں پارٹی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں وہاں کے ٹکٹوں کی تقیسم میں ہمارا عمل دخل نہیں ہے وہ جانے اور اس کام جانے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی حلقہ سے میں ضرور جیتا ہوں اور یہ بات تسلیم کرتا ہوں کہ وہاں کی عوام کو میں نے ٹائم نہیں دے سکا ہے مگر میرے حلقہ کی عوام کو کبھی ندامت نہیں ہوگی کہ انہوں نے مجھے ووٹ دیا ہے کسی مجرم کو نہیں ،حنیف عباسی کی کیا حثیت ہے وہ ایفی ڈرین ہے اور اللہ پاک نے کبھی موقع دیا تو ان کے حلق سے قومی دولت نکال کر عوام کو دونگا اور یہ جیلوں کی ہوا کھائیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ مینار پاکستان کو ہم نے تین دفعہ بھرا ہے مسلم لیگ کی جرائت نہیں کہ وہ وہاں جلسہ کر کے دیکھے ۔بلاول کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ بھٹو ایک دلیر لیڈر تھا اور دنیا جانتی تھی کہ وہ ایک لیڈر ہے مگر بدقسمتی سے عوامی پارٹی کو ایک دو بندوں نے برے طریقہ سے نقصان پہنچایا ہے ،بلاول کی کوشش ہے مگر اسے مزید محنت کرنا ہوگی۔