عمر اکمل اور احمد شہزاد ڈریسنگ روم کا ماحول خراب کر رہے تھے، شہریار خان

دونوں کو ڈراپ کرکے دوسروں کیلئے مثال قائم کی ہے،مدثر نذر 15 جون سے ڈائریکٹر اکیڈمیز کی ذمہ داریاں سنبھا لیں گے ، شان ہیلز کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے ، چیئرمین پی سی بی کا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ و گفتگو

پیر 30 مئی 2016 09:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2016ء) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد ڈریسنگ روم کا ماحول خراب کر رہے تھے اس لیے دونوں کو ڈراپ کرکے دوسروں کیلئے مثال قائم کی ہے۔ آسٹریلیا کے شان ہیلز کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اتوار کے روز کراچی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

چےئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر 15 جون سے ڈائریکٹر اکیڈمیز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے جبکہ آسٹریلیا کے شان ہیلز کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ سپورٹنگ سٹاف سے طویل مدت کے معاہدے کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے سپورٹنگ سٹاف کا فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد ڈریسنگ روم کا ماحول خراب کر رہے تھے اس لیے دونوں کو ڈراپ کرکے دوسروں کیلئے مثال قائم کی ہے۔

محمد عامر کیلئے انگلینڈ کے ویزے کی تمام ضروریات پوری ہیں اور انہیں ویزہ کے حصول میں مشکلات پیش نہیں آئیں گی اور امید ہے کہ عامر کو جلد ہی برطانیہ کا ویزہ مل جائے گا۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ مجھ سے ذمہ داریاں واپس لیے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کا پہلا منتخب چیئرمین ہوں اور پی سی بی سے اپنی خدمات کے عوض کوئی تنخواہ نہیں لے رہا۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ نہیں دے رہا اور نہ ہی مجھ سے ذمہ داریاں واپس نہیں لی جارہیں بلکہ چھٹیوں پر انگلینڈ جا رہا ہوں۔