وزیرِداخلہ اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی آرمی چیف سے ملاقات خفیہ تھی نہ ہی غیر معمولی،وزارت داخلہ

بلوچستان میں حالیہ ڈرون حملہ، نیشنل ایکشن پلان کے کئی اہم امور اور پاکستان کے مجموعی سیکورٹی معاملات پر بات چیت کی گئی، غیر ضروری قیاس آرائی سے گریز کیا جائے،ترجمان

پیر 30 مئی 2016 09:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2016ء) ترجمان وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ وزیرِداخلہ اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی آرمی چیف سے ملاقات نہ تو خفیہ تھی اور نہ ہی غیر معمولی۔ملاقات کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی آرمی چیف سے ملاقات خفیہ اور غیر معمولی نہیں تھی ۔

ملاقات میں بلوچستان میں حالیہ ڈرون حملہ، نیشنل ایکشن پلان کے کئی اہم امور اور پاکستان کے مجموعی سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

یہ ملاقات معمول کے مطابق تھی اور ہفتہ کے روز دن گیارہ بجے آرمی ہاؤس میں ہوئی۔ملاقات کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ۔

جس کے حوالے سے میڈیا کو بالکل لاعلم رکھا گیا ۔ بعد ازاں میڈیا کو ذرائع سے ملاقات کی اطلاع ملی ۔ جس کے بعد بعض حلقوں میں ملاقات کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے وضاحت پیش کی ہے کہ یہ ملاقات خفیہ نہیں تھی بلکہ ملکی سلامتی کے اہم امور کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔