یکم جولائی سے ہرحال میں برآمدات کوزیرو ریٹڈکردیا جائے گا،اسحاق ڈار کی یقین دھانی

وزیراعظم نوازشریف کی واضح یقین دہانی کے بعداس سلسلہ میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہئے حکومت پاکستان کا مقصدملکی برآمدات کو ترقی دے کربرآمدات اوردرآمدات کے بڑھتے ہوئے فرق کو کم کرنا ہے،حکومت نے پہلے ہی کئی انقلابی اقدامات کئے ہیں سٹیٹ بنک کی طرف سے سرمائے کی فراہمی پرمارک اپ کی شرح میں25بیسک پوائنٹ کی کمی بھی شامل ہے ،وفاقی وزیرخزانہ کی ویلیوایڈڈٹیکسٹائل سیکٹرکے وفدسے ملاقات

پیر 30 مئی 2016 09:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2016ء)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے یقین دلایا ہے کہ یکم جولائی سے ہرحال میں برآمدات کوزیرو ریٹڈکردیا جائے گااوروزیراعظم نوازشریف کی واضح یقین دہانی کے بعداس سلسلہ میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہئے،حکومت پاکستان کا مقصدملکی برآمدات کو ترقی دے کربرآمدات اوردرآمدات کے بڑھتے ہوئے فرق کو کم کرنا ہے۔

اس سلسلے میں حکومت نے پہلے ہی کئی انقلابی اقدامات کئے ہیں جن میں سٹیٹ بنک کی طرف سے سرمائے کی فراہمی پرمارک اپ کی شرح میں25بیسک پوائنٹ کی کمی بھی شامل ہے ۔وہ آج فیصل آبادچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئرنائب صدرسیدضیاء علمدارحسین کی زیرقیادت ملنے والے ویلیوایڈڈٹیکسٹائل سیکٹرکے نمائندہ وفدسے ملاقات کے دوران گفتگوکررہے تھے۔

(جاری ہے)

۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کئے جانے والے دیگراقدامات کے نتیجہ میں افراط زرمیں واضح کمی ہوئی جبکہ صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو مکمل طورپرختم کردیا گیا ہے اسی طرح صنعتوں کوگیس بھی 24گھنٹے سپلائی کی جارہی ہے جسکے نتیجہ میں صنعتوں کی پیداوارمیں خاطرخواہ اضافہ کی توقع ہے انہوں نے کہا کہ فاضل صنعتی پیداوارکی برآمدکیلئے حکومت ہرقسم کی سہولتیں مہیا کررہی ہے اوریہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

اس سے قبل سیدضیاء علمدارحسین نے بتایا کہ حکومتی کوششوں کے باوجودبرآمدات میں14.7فیصدکی کمی باعث تشویش ہے انہوں نے کہا کہ برآمدات ایک عالمی عمل ہے جس کے لئے پاکستانی مصنوعات کو علاقائی اورعالمی منڈیوں میں مسابقت کی پوزیشن میں لانے کے لئے کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس کو بھی کم کرنا ہو گا۔انہوں نے اس توقع کا اظہاربھی کیا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے ویلیوایڈڈٹیکسٹائل سیکٹرکوکلیدی اہمیت حاصل ہے اورحکومت کوزیادہ توجہ بھی ویلیوایڈڈسیکٹرپردینی چاہئے کیونکہ اسکے زریعے زیادہ زرمبادلہ کمانے کے ساتھ ساتھ ملازمت کے نئے مواقع بھی پیداکئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے اس توقع کا بھی اظہارکیا کہ بجٹ میں برآمدات کوزیرہ ریٹڈکرنے کے علاوہ کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس کو کم کرنے کیلئے بھی مثبت اقدامات کئے جائیں تاکہ پاکستان اپنے تجارتی حریف ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کرسکے۔وفدمیں پاکستان ہوزری مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے سنٹرل چےئرمین ڈاکٹرخرم طارق،پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے خرم مختاراورآل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملزایسوسی ایشن کے اجمل فاروق بھی شامل تھے۔