نیلم جہلم پراجیکٹ 2022 تک مکمل ہو گا،پرویز رشید

ملکی دفاع کرنے والے وزیراعظم نوازشریف کو جلا وطن کردیا گیا وزیراعظم نے ملک کے دفاع کو ترجیح دیکر امریکی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے یہ فیصلہ بہادر وزیراعظم ہی کر سکتا ہے نواز شریف نے عزت و وقار کیلئے وسائل کو آڑے نہیں آنے دیا،مظفر آباد میں یوم تکبیر کی مناسبت سے ورکرز کنونشن سے خطاب

اتوار 29 مئی 2016 10:42

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ نیلم جہلم پراجیکٹ 2022 تک مکمل ہو گا، ملک کا دفاع کرنے والے وزیراعظم نوازشریف کو جلا وطن کردیا گیا ، وزیراعظم نے ملک کے دفاع کو ترجیح دیکر امریکی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے یہ فیصلہ بہادر وزیراعظم ہی کر سکتا ہے، نواز شریف نے عزت و وقار کیلئے وسائل کو آڑے نہیں آنے دیا۔

مظفر آباد میں یوم تکبیر کی مناسبت سے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا پاکستان کا ہاتھ روک رہی تھی۔ امریکی صدر کلنٹن نے 5 بار وزیراعظم کو فون کیا جبکہ انہیں 5 ارب روپے دینے کی پیشکش بھی کی گئی لیکن وزیراعظم نے قوم کے وقار کا سودا نہیں کیا اور پھر پاکستان نے 6 دھماکے کر دیئے، ایسا فیصلہ کوئی بہادر وزیراعظم ہی کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایٹمی دھماکوں کیلئے ڈاکٹر قدیر اور ڈاکٹر ثمر سے پوچھا تو انہوں نے 17 دن مانگے جبکہ دھماکے کامیابی سے کرنے کیلئے بہت بڑی رقم کی ضرورت تھی تاہم وزیراعظم نے کہا کہ عزت و وقار کیلئے وسائل کو آڑے نہیں آنے دیں گے۔ نواز شریف نے کہا پیٹ پر پتھر باندھ لیں گے، تیاری کا کم سے کم وقت بتائیں۔ کون لوگ کہتے ہیں نواز شریف دولت رکھتا ہے نواز شریف دولت ٹھکراتا ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے الزامات کو ایک ایک کر کے جھوٹا ثابت کریں گے۔پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم کو پہلے ایٹمی دھماکوں کی سزا دی گئی جو کاٹ لی، وطن کیلئے سزائیں کاٹنا رہنماؤں کا فرض ہوتا ہے جو ہمارے رہنماؤں نے پورا کیا، اب کہا جا رہا ہے کہ سڑکوں آئیں گے، اب وزیراعظم نے کیا جرم کیا ہے، کیا وزیراعظم کو بجلی دینے کی سزائیں دینا چاہتے ہو؟ جو احتساب کرنا چاہئے، آئین میں درج طریقہ کار کے تحت نظام بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیلم جہلم پر کسی نے ڈیم بنا کر بجلی بنانے کا خواب نہیں دیکھا لیکن وزیراعظم نے انجینئر سے پوچھا کتنے دنوں میں بجلی لا سکتے ہو جس پر انجینئرز نے کہا پیسے نہیں، نیلم جہلم پراجیکٹ 2022 تک مکمل ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیم 2017ء تک بنایا جائے جس پر انجینئرز نے سوا سو ارب روپے مانگ لئے، حکومت نے نیلم جہلم پراجیکٹ کیلئے اخراجات میں 30 فیصد کمی کی، ایوان وزیراعظم کے اخراجات میں 40فیصد کمی کی گئی اور اب یہ منصوبہ 2017ء میں کام شروع کر دے گا۔

جو وزیراعظم پاکستان کو ایٹمی طاقت دیتا ہے اور پہلی موٹروے دیتا ہے اسے جلا وطن کیوں کیا گیا اسے اٹک قلعے اور جیل میں کیوں بند کیا گیا آج تک جواب نہیں ملا وہ وزیراعظم جلا وطنی کے بعد پھر آتا ہے تو پھر سازشیں شروع ہوجاتی ہیں پہلے نوا ز شریف کو ایٹمی دھماکوں کی سزا دی تھی اب کیوں سازشیں کررہے ہیں اور کس چیز کی سزا دینا چاہتے ہو نواز شریف نے کیا جرم کیاہے انہوں نے کہا کہ پہلے ہم نے ملکی دفاع میں خود کفیل بنایا آج ہم نے ملک کو معاشی طورپر خود کفیل کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم ہر شہری کو اس کے اپنے علاقے میں روزگار دینا چاہتے ہیں نواز شریف نے انہیں کہا میں کارخانوں کے پہلے چلنا دیکھنا چاہتا ہوں اور اس ملک کو روشن دیکھنا چاہتا ہوں