ایران میں تعلیم مکمل کرنے کی خوشی میں مخلوط پارٹی کا انعقاد ، شراب نوشی

طلبہ کو ایران کے اسلامی اخلاقیات کے ضابطے کی خلاف ورزی پر 99کوڑوں کی سزا دے دی گئی

اتوار 29 مئی 2016 10:55

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2016ء) ایران میں 30 سے زائد طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کی خوشی میں مخلوط پارٹی کے انعقاد اور اس دوران شراب نوشی پر 99 کوڑے مارے گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادار ے کے مطابق مطابق طلبہ کو ایران کے اسلامی اخلاقیات کے ضابطے کی خلاف ورزی پر یہ سزا دی گئی۔رپورٹس کے مطابق ایران کے شمال مغربی صوبے قزوین کے ایک پوش علاقے میں واقع ایک وسیع و عریض گھر میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔

اس پارٹی میں شریک تمام نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایران میڈیا کے مطابق 35 لڑکے اور لڑکیوں کو حراست میں لیا گیا۔ پروسیکیوٹر جنرل اسماعیل صادقی نیارکی کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے تمام نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کا ٹرائل کیا گیا جس کے بعد ان کو 99 کوڑوں کی سزا دی گئی، ان کی سزا پر ایران کی اسلامی پولیس نے عملدر آمد کروایا۔اسماعیل صادقی نیارکی کا کہنا تھا کہ جس روز ان نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا تھا ان کی سزا پر عملدر آمد بھی اسی روز کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے نوجوانوں میں کم عمر لڑکیاں اور لڑکے شامل تھے، جب ان کو حراست میں لیا گیا وہ نیم برہنہ حالت میں ہونے کے ساتھ شراب کے نشے میں بھی تھے، ان کے اس عمل سے عوام کو صدمہ پہنچا تھا۔

متعلقہ عنوان :