بجٹ تین جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،اسحاق ڈار

بروقت بجٹ پیش کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں،وزیر خزانہ کا بیان

اتوار 29 مئی 2016 10:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق بجٹ برائے مالی سال 2016-17 ء تین جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ بجٹ بروقت اسمبلی میں پیش کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ ہفتہ کو وزارت خزانہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال 2016-17 ء کا بجٹ تین جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی منگل کو ہارٹ سرجری کے باعث بجٹ میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا کیونکہ وزیراعظم کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کی منظوری دیتے ہیں اور وزیراعظم کے لندن میں ہونے کی وجہ سے کابینہ کے اجلاس میں تاخیر کا خدشہ تھا اس لئے وزیر خزانہ کی جانب سے تین جون کو بجٹ پیش کئے جانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔جبکہ وزیراعظم کی جانب سے بجٹ کی منظوری کیلئے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 30 مئی کو طلب کرلیا گیا ہے وزیراعظم اجلاس کی صدارت سکائپ کے ذریعے کریں گے۔ جبکہ اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وزیراعظم کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی ویڈیو لنک یا سکائپ کے ذریعے کریں۔