مصری طیارے کی آخری آڈیو ریکارڈنگز یونان سے قاہرہ روانہ

جمعہ 27 مئی 2016 10:13

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2016ء)یونان نے مصر کے سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کی آخری آڈیو ریکارڈنگز قاہرہ میں تحقیقاتی ٹیم کو بھیج دی ہیں۔یونان نے اس کے علاوہ طیارے کی راڈار تصویر بھی بھیجی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے فضائی حادثات سے متعلق امور کے سربراہ ایمن المقدم نے کہاہے کہ فرانسیسی کمپنی السیمار کا مہیا کردہ ایک جہاز بحر متوسط میں مسافر پرواز ایم ایس 804 کے ملبے کی تلاش میں جلد شریک ہورہا ہے۔

یہ جہاز سمندر کی تہ میں ملبے کو تلاش کرنے میں خصوصی مہارت رکھتا ہے۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ سمندر میں تباہ شدہ طیارے کے بلیک باکسز کی تلاش کے لیے ایک اور فرم کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بھی مذاکرات جاری ہیں اور ایمرجنسی ٹرانسمیٹر کی بھی جائے حادثہ سے پانچ کلومیٹر کے علاقے میں تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے برطانیہ ،قبرص ،فرانس ،یونان اور امریکا کے بحری جہاز اور طیارے بھی بحر متوسط میں مصری ٹیموں کے ساتھ مل کر تباہ شدہ طیارے کا ملبہ اور بلیک باکسز تلاش کررہے ہیں۔

اب تک انھیں طیارے کے بعض حصے ،کٹے پھٹے انسانی اعضاء اور مسافروں کا سامان ملا ہے۔مصر للطیران کا یہ مسافر طیارہ گذشتہ جمعرات کی صبح پیرس سے قاہرہ آتے ہوئے بحر متوسط میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔اس میں سوار تمام 56 مسافر اور عملے کے 10 ارکان ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :