تحریک انصاف نے اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ مسترد کر دیا

ملک میں عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں، غریب عوام کی محرومیاں اراکین اسمبلی کے شاہانہ اخراجات کے متحمل نہیں ہو سکتے،عمران خانکی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

جمعہ 27 مئی 2016 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف نے اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے یہ فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملک میں عوام غربت اور محرومی کی چکی میں پس رہے ہیں حکومت روزانہ کی بنیاد پر چھ ارب روپے کے قرضے لے رہی ہے ملکی معاشی صورت حال اور غریب عوام کی محرومیاں اراکین اسمبلی کے شاہانہ اخراجات کے متحمل نہیں ہو سکتے اجلاس میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کا ایجنڈا پوری شد و مد سے اٹھاتے رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا پارلیمان ، عدالت ، الیکشن کمیشن اور عوامی اجتماعات سمیت ہر فورم سے حکومت پر تحقیقات کے لئے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور ٹی او آرز کمیٹی میں بھی پوری توجہ اور سنجیدگی سے قانون سازی میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔