ملک میں وزیر خارجہ نہ ہونا بہت بڑا سوال اور حکومت کی ناکامی ہے ، تین دن گزرنے کے باوجود پاکستان اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ ڈرون حملے میں ولی محمد ہلاک ہوا ہے یا ملا اختر منصور ،سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 26 مئی 2016 10:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2016ء ) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ملک میں وزیر خارجہ نہ ہونا بہت بڑا سوال ہے ، تین سالوں میں یہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی رہی ہے کہ وہ وزیر خارجہ بھی نہ رکھ سکے ۔ وہ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اور وزیر خارجہ کے ایڈوائزر کو دوسرے ممالک میں مختلف طریقے سے ڈیل کیا جاتا ہے ۔

حکومت وقت کو اپنا وزیر خارجہ لگانا چاہیے تھا ۔

(جاری ہے)

حناربانی کھر نے کہا کہ تین سال گزرنے کے باوجود وزیر خارجہ کا نہ ہونا حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے اور یہ اپنی جگہ ایک بہت بڑا سوال بھی ہے کہ ابھی تک وزیر خارجہ تعینات کیوں نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر اور باہر ہمیشہ یہ سوال اٹھتا رہا ہے کہ اصل میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کو لیڈ کون کرتا ہے ۔

مگر اس کے باوجود یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ سیاسی قیادت میں کسی شخص کو یہ ذمہ داری سونپی بھی گئی ہے کہ نہیں ۔ حناربانی کھرنے کہا کہ تین دن گزرنے کے باوجود پاکستان اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ ڈرون حملے میں ولی محمد ہلاک ہوا ہے یا ملا اختر منصور ۔ پاکستان کے پاس مرنے والے شخص کی لاش بھی موجود ہے اس کے باوجود شناخت نہ ہونا حیرانگی کی بات ہے