آرمی چیف سے امریکی سفیر کی ملاقات ،ڈرون حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا،آئی ایس پی آر

ڈرون حملہ خود مختاری اور سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاک امریکہ تعلقات متاثر ہو سکے ہیں،جنرل راحیل شریف

جمعرات 26 مئی 2016 09:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ڈرون حملہ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے ،ایسے واقعات سے پاک امریکہ تعلقات متاثر ہونگے،پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں بے مثال ہیں اور ایسی کارروائیاں علاقاتی سلامتی اور استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہونگی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز نوشکی میں امریکی ڈرون حملے کے تناظر میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات ہوئی ،ملاقات میں آرمی چیف نے بلوچستان میں ڈرون حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلق عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی ڈرون حملے پر شدید تشویش اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان رہنما کی تلاش کے دوران ایسے حملے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف ہیں اور انہیں فوری طور پر روکنا ہوگا اگر مستقبل میں ایسے حملے ہوئے تو ان کو پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے خلاف سمجھا جائے گا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہاکہ ایسے اقدامات پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہیں جو پاک امریکہ تعلقات متاثر کر سکتے ہیں، ایسی کارروائیوں سے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچے گا۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشیں اور قربانیاں بے مثال ہیں لیکن امریکی کارروائیوں سے امن عمل متاثر ہو سکتاہے۔