پانامہ لیکس،وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ارکان کی منظوری دیدی

میرحاصل بزنجو، اسحاق ڈار، سعدرفیق، خواجہ آصف،اکرم خان درانی اور انوشہ رحمان شامل اسپیکر قومی اسمبلی نے پانامہ لیکس پر بننے والی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس (کل) 4بجے طلب کر لیا

منگل 24 مئی 2016 10:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مئی۔2016ء)پانامہ لیکس دستاویزات کے حقائق جاننے کیلئے وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ارکان کی منظوری دیدی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے پانامہ ہنگامہ سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ارکان کی منظوری دیدی ۔سپیکرقومی اسمبلی نے باضابطہ طورپرحکومتی کمیٹی کے ارکان کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔

حکومتی پارلیمانی کمیٹی میں وفاقی وزیرمیرحاصل بزنجو،وزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیرریلوے سعدرفیق،وزیردفاع خواجہ آصف،وفاقی وزیراکرم خان درانی اوروزیرمملکت انوشہ رحمان شامل ہیں۔ادھرترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پانامہ لیکس پر بننے والی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس(کل) بدھ کو 4بجے طلب کر لیا، پارلیمانی کمیٹی کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے 6,6نام موصول ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پیر کو ترجمان قومی اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسپیکر آفس کو پانامہ دستاویزات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے نام موصول ہو گئے ہیں جن میں حکومت اور اپوزیشن کے 6,6 ارکان کے نام شامل ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفکیشن (آج) صبح جاری ہو گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پانامہ دستاویزات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو سہ پہر4بجے طلب کیا گیا اور یہ اجلاس اسپیکر چیمبر میں ہو گا۔