2009ء میں افتتاح شدہ سوات یونیورسٹی کا دوبارہ افتتاح عمران خان کی جعلسازی اور جھوٹ کی سیاست کا واضح ثبوت ہے، عمران خان موٹرویز کے مخالف اس لئے ہیں کیونکہ ان کے پاس جہانگیر ترین کا جہاز اور ہیلی کاپٹر ہے ، عمران خان کے پاس عوام کے لئے جھوٹ، دھوکے اور الزامات کے سوا کچھ نہیں

وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کا تحریک انصاف کے جلسہ پر ردعمل

پیر 23 مئی 2016 09:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مئی۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 2009ء میں افتتاح شدہ سوات یونیورسٹی کا دوبارہ افتتاح عمران خان کی جعلسازی اور جھوٹ کی سیاست کا واضح ثبوت ہے۔ اتوار کو سوات میں تحریک انصاف کے جلسہ پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کے لئے بہتر ہوتا کہ یونیورسٹی کے اس شعبہ کا افتتاح کرتے جہاں ان کی پارٹی کے ایک ایم این اے نے ایک گھنٹے میں نہ صرف امتحانی پرچہ حل کر دیا بلکہ نتیجہ بھی حاصل کر لیا۔

امیر مقام نے کہا کہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال اور ملک بھر سے کارکن بلانے کے باوجود پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام رہا کیونکہ ان کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان موٹرویز کے مخالف اس لئے ہیں کیونکہ ان کے پاس جہانگیر ترین کا جہاز اور ہیلی کاپٹر ہے لیکن غریب عوام کو سڑکوں اور موٹرویز کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے ان کی زندگی میں آسانی آ رہی ہے، اس لئے وہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ایجنڈے کے حامی ہیں۔

(جاری ہے)

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کے پاس عوام کے لئے جھوٹ، دھوکے اور الزامات کے سوا کچھ نہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ تمام وعدے جھوٹ ثابت ہوئے۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کے اپنے ڈی جی احتساب کے مطابق کے پی کے میں 60 فیصد بجٹ چوری ہو جاتا ہے، وہ اس بات کا جواب دیں کہ وہ یہ چوری کیوں نہ رکوا سکے۔