یورپین تائیکوانڈو چیمپئن شپ

برسلز خود کش بمبار کے بھائی مراد لاکھراوئی نے سونے کا تمغہ جیت لیا اب وہ برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں بیلجیئم کی طرف سے کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں تائیکوانڈو فیڈریشن نے انھیں اپنے ٹوئٹر پیغام میں لائٹ ویٹ میں یورپ کے بادشاہ کا خطاب دیدیا

اتوار 22 مئی 2016 11:18

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2016ء) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں رواں برس مارچ میں ہونے والے حملوں کے ایک خودکش بمبار کے بھائی مراد لاکھراوئی نے یورپین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیت لیا ہے اور اب وہ برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں بیلجیئم کی طرف سے کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مراد کا 24 سالہ بڑا بھائی نجیم اْن 2 حملہ آوروں میں سے ایک تھا، جنھوں نے رواں برس 22 مارچ کو برسلز ایئرپورٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

برسلز ایئرپورٹ سمیت میٹرو اسٹیشنز پر ہونے والے ان دھماکوں میں 35 افراد ہلاک ہوئے تھے۔نجیم کے 21 سالہ بھائی مراد کا نام رواں برس 5 اگست سے شروع ہونے والے ریو ڈی جنیرو گیمز کے لیے بیلجیئم کے 185 افراد پر مشتمل اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جہاں وہ انڈر 58 کلوگرام کی کیٹگری کے لیے مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز مراد نے سوئٹرزلینڈ میں انڈر 54 کلوگرام کی کیٹگری میں سونے کا تمغہ جیتا، جس کے بعد تائیکوانڈو فیڈریشن نے انھیں اپنے ٹوئٹر پیغام میں 'لائٹ ویٹ میں یورپ کے بادشاہ کا خطاب دیا۔

واضح رہے کہ برسلز دھماکوں کے 2 روز بعد ایک نیوز کانفرنس کے دوران مراد کا کہنا تھا کہ ان کا بھائی ایک اچھا اور ذہین نوجوان تھا اور 2013 میں شام جانے سے قبل تک اس میں بنیاد پرستی کے کوئی آثار نہیں تھے، لیکن شام جاتے ہی اس نے اپنے خاندان سے ہر قسم کا تعلق ختم کرلیا تھا

متعلقہ عنوان :