پیپلزپارٹی وزیراعظم کی نااہلی کیلئے اگلے ہفتے الیکشن کمیشن سے رجوع کریگی،لطیف کھوسہ

وزیراعظم کے اثاثوں کی تفصیلات کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست دیدی،کسی صورت اس معاملے کودبنے نہیں دیں گے، نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

جمعہ 20 مئی 2016 09:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل وسابق گورنرپنجاب سردارلطیف خان کھوسہ نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی وزیراعظم کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اگلے ہفتے منظم طریقے سے رجوع کرنے جارہی ہے ،اس حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکاشدیدموٴقف ہے اورہم کسی صورت اس معاملے کودبنے نہیں دیں گے ،اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو ان کے اثاثہ جات کی تفصیلات کے حصول کیلئے درخواست دیدی گئی ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگومیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ایڈووکیٹ اورسابق چیئرمین سینٹ سیدنیئرحسین بخاری نے وزیراعظم کے اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیاہے ،جیسے ہی تفصیلات موصول ہوتی ہیں پھراس کی روشنی میں باہمی مشاورت کے بعدوزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کاریفرنس دائرکیاجائیگا،مگراس سے قبل الیکشن کمیشن گوشوارے ،ٹیکس تفصیلات کامکمل جائزہ لیاجائیگا۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے نے خبرکی مزیدتفصیل جاننے کیلئے سینیٹرفرحت اللہ بابرسے رابطہ کیاتوانہوں نے بتایاکہ ان علم میں ایسی بات نہیں اگرخبرکی تصدیق کرنی ہے توسردارلطیف کھوسہ ہی رابطہ کیاجائے تاہم انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ایسے بیان کی سختی سے تردیدکرتی ہے ۔سردارلطیف کھوسہ سے خبر رساں ادارے نے رابطہ کیاتوانہوں نے کال موصول نہیں کی۔