مالکان نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کے اضافے کا فیصلہ مسترد

فرنچائز مالکان مرچنڈائزنگ کے ذریعے آمدنی کا نیا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ،اضافی فرنچائز سے ان کے منافع میں کمی ہوگی نجم سیٹھی نے کہا تھا پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم آزاد جموں اینڈ کشمیر کے نام سے ہوگی

بدھ 18 مئی 2016 09:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2016ء) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزوں کے مالکان نے لیگ میں چھٹی ٹیم کے اضافے کے منصوبے کو مسترد کردیا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے اگلے سال لیگ کے نئے سیزن میں ایک ٹیم کے اضافے کے وعدے کے باوجود فرنچائز مالکان نے اس منصوبے کو حتمی شکل دینے سے انکار کردیا۔فرنچائز مالکان مرچنڈائزنگ کے ذریعے آمدنی کا نیا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور انھیں اس بات پر تشویش ہے کہ ایک اضافی فرنچائز سے ان کے منافع میں کمی ہوگی۔

پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے فرنچائز پر مشتمل ٹورنامنٹ کے اگلے سیزن میں مزید ایک ٹیم کی شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم سوائے پشاور زلمی کے کسی اور فرنچائز مالک نے منافع کی تقسیم کے طریقہ کار کی وجہ سے اس خیال کو خوش آمدیدنہیں کہا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم آزاد جموں اینڈ کشمیر (اے جے کے) کے نام سے ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائز کے درمیان طے شدہ معاہدے کے مطابق ایک اور فرنچائز کا اضافہ تیسرے ایڈیشن میں ہوگا۔ پی ایس ایل میں اس وقت چاروں صوبوں اور وفاق پر مشتمل پانچ فرنچائز شامل ہیں۔پی ایس ایل کا پہلا کامیاب ایڈیشن رواں سال فروری کے آغازمیں منعقد ہوا تھا اور پی سی بی نے 2.47 ملین ڈالر منافع حاصل کیا تھا اور بورڈ نے اس منافع کے 70 فی صد حصے کو پانچوں فرنچائزوں میں برابرتقسیم کیا تھا۔