آرمی چیف کی چینی وزیراعظم، وزیرخارجہ، چیف آف جنرل سٹاف اور وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقاتیں،پاک چین دوستی، اسٹریٹجک تعلقات اور سی پیک کی حفاظت کے عزم کا اعادہ

بدھ 18 مئی 2016 09:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی وزیراعظم لی کیکیانگ سمیت چین کے وزیرخارجہ، چیف آف جنرل سٹاف اور وائس چیئر مین سنٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک چین دوستی، اسٹریٹجک تعلقات اور سی پیک کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ چین کے موقع پر چینی وزیراعظم سمیت چین کے وزیر خارجہ ، چیف آف جنرل سٹاف اور وائس چیئر مین سینٹرل ملٹری کمیشن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

جن میں علاقائی سلامتی اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں کا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر چینی قیادت نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل درآمد کے لئے مل کر کام کریں گے۔ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے لئے بھرپور تعاون کریں گے۔