یاسر شاہ کی میڈیکل رپورٹ آگئی

گھٹنے کی تکلیف سے صحت یاب ہونے کیلئے چار سے پانچ ہفتے لگیں گے یاسر شاہ کو اس دوران فزیکل تھیراپی کرانی ہوگی اور بحالی کے اس پروگرام میں مہینہ لگے گا، پی سی بی محمد حفیظ کے گھٹنے کا علاج جاری ہے

منگل 17 مئی 2016 09:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2016ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو گھٹنے کی تکلیف سے صحت یاب ہونے میں چار سے پانچ ہفتے لگیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کو اس دوران فزیکل تھیراپی کرانی ہوگی اور بحالی کے اس پروگرام میں مہینہ لگے گا۔یاد رہے کہ یاسر شاہ گھٹنے کی تکلیف کے سبب ایبٹ آباد میں ہونیوالے پاکستانی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

اگر وہ مکمل فٹ ہوگئے تو انگلینڈ کے دورے میں ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوسکیں گے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ چودہ جولائی سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔یاسر شاہ کو گھٹنے کی یہ تکلیف گزشتہ نومبر میں انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے دوران ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اسی دوران وہ مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی زد میں بھی آگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں تین ماہ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ نیوزی لینڈ کے دورے، پاکستان سپر لیگ، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر رہے تھے۔

انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا کیمپ ہمپشائر کاوٴنٹی میں بھی لگانے کا فیصلہ کیاہے تاکہ کھلاڑی وہاں کے موسم اور وکٹوں سے خود کو جلد سے جلد ہم آہنگ کرسکیں۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین محمد حفیظ کے گھٹنے کا علاج جاری ہے۔ یہ تکلیف انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ صرف دو میچز کھیلنے میں کامیاب ہوسکے تھے۔