الیکشن کمیشن نے بائیومیٹرک تصدیق اور الیکٹرانیک ووٹنگ مشین کی خریداری کا معاملہ اگلے مالی سال کے بجٹ تک موخر کردیا

منگل 17 مئی 2016 09:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2016ء) الیکشن کمیشن نے بائیومیٹرک تصدیق اور الیکٹرانیک ووٹنگ مشین کی خریداری کا معاملہ اگلے مالی سال کے بجٹ تک موخر کر دیا ہے ،بجٹ کے بعد مشینوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے اور خریداری کے بعدہونے والے ضمنی الیکشن میں تجرباتی طو رپر استعمال کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی کی جانب سے الیکٹرانیک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک تصدیق کی مشینیں خریدنے کے سلسلے میں سفارشات کی وزیر اعظم کی جانب سے منظوری کے باوجود الیکشن کمیشن حکام نے مشینوں کی خریداری کا معاملہ اگلے بجٹ تک موخر کر دیا ہے جبکہ اس سے قبل انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن حکام نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ یہ مشینیں جلد ہی خرید لی جائیں گی ذرائع کے مطابق اب الیکشن کمیشن کے حکام نے خریداری کے معاملے کو اگلے مالی سال کے بجٹ تک موخر کر دیا ہے اور بجٹ کے فوراً بعد ہی مشینوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے ذرائع کے مطابق مشینوں کی خریداری میں دو سے تین ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے جس کے بعد آنے والے ضمنی انتخابات میں مشینوں کو تجرباتی بنیادوں پر آزمایا جائے گاذرائع کے مطابق بائیو میٹرک سسٹم اور الیکٹرانیک ووٹنگ مشینوں کو آزمانے کیلئے بجلی کی بلا روک ٹوک فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں پیش آنے والے تمام مشکلات سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کو اگاہ کیا جائے گا۔