پاکستان ایئر فورس سیکورٹی کی صورتحال اور امن و امان بہتر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،ایئر چیف مارشل سہیل امان

منگل 17 مئی 2016 09:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2016ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کو بہتر کرنے کی کوششوں میں قابل تعریف کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان ایئر فورس سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر کرنے اور امن و امان بہتر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی تا کہ تاجر برادری سازگار ماحول میں کاروبار کو فروغ دے سکے۔

انہوں نے چیمبر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انھیں پاکستان ایروناٹیکل کمپلس کامرہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تا کہ دفاعی سامان کی تیاری میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے کیلئے پاکستان ایئر فورس کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایک مضبوط ایئر فورس کی موجودگی سے تاجر برادری کو بھی بہتر تحفظ کا احساس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ملک میں امن و مان کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے جس وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی بہتر ہو رہی ہیں۔ اس موقع پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر دفاعی سامان کی تیاری کے معاملات پر بھی تبالہ خیال کیا گیا۔ عاطف اکرام شیخ نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان ایئرفورس اور دیگر دفاعی فورسز کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد، نائب صدر شیخ عبدالوحید، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر احمد ملک، چیمبر کے سابق صدور طارق صادق، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، محمد ناصر خان، محمد اعجاز عباسی، زاہد مقبول، سینئر ممبر خالد اقبال ملک، ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین سمیت طاہر عباسی اور تنویر سلطان اعوان بھی چیمبر کے وفد میں شامل تھے۔