شہبازشریف کی یوسف رضاگیلانی کی رہائش گاہ آمد، بیٹے کی بحفاظت بازیابی پر مبارکباد

وزیراعلیٰ نے سید علی حیدر گیلانی کو گلے لگا کر مبارکباد دی اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ کا بیٹا آپ کو بحفاظت ملا، گیلانی خاندان کی خوشیاں لوٹ آئی ہیں : شہبازشریف

پیر 16 مئی 2016 10:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آج ڈیفنس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ ”گیلانی ہاؤس“ گئے اور انہیں اور اہل خانہ کو بیٹے علی حیدر گیلانی کی 3 برس بعد بحفاظت بازیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ کا بیٹا آپ کو بحفاظت ملا ہے۔

(جاری ہے)

آپ کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مجھے دلی خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سید علی حیدر گیلانی کو گلے لگا کر مبارکباد دی اور کہا کہ قوم کی دعاؤں اور اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے آپ بحفاظت اپنے خاندان کے پاس پہنچے ہیں اور یہ بڑی مسرت کی بات ہے اور آپ کی بازیابی سے گیلانی خاندان کی خوشیاں لوٹ آئی ہیں اور علی حیدر گیلانی کی بحفاظت بازیابی سے نہ صرف گیلانی خاندان بلکہ پوری قوم کو خوشی ہوئی ہے اور یقینا یہ ایک بڑی اچھی خبر ہے ۔ اس موقع پر عبدالقادر گیلانی اور موسیٰ گیلانی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :