سی آئی اے نیلسن مینڈیلا کا پیچھا کیا کرتی تھی

پیر 16 مئی 2016 10:45

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2016ء) سی آئی اے کے سابق ایجنٹ ڈونالڈ رکارڈ کے مطابق سنہ 1962 میں جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن مینڈیلا کی گرفتاری امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک ایجنٹ کی فراہم کردہ معلومات کے نتیجے میں عمل میں آئی تھی۔یہ انکشاف برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کیا گیا ہے جو سی آئی اے کے سابق ایجنٹ ڈونالڈ رکارڈ کے انتقال سے قبل کیے گئے ان کے ایک انٹرویو پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

نیلسن مینڈیلا نے ملک میں سیاہ فاموں کے خلاف ہونے والے امتیازی سلوک اور انصاف کے لیے نسل پرست حکومت کے خلاف جد وجہد شروع کی تھیں جس پر حکومت نے انھیں گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا تھا اور وہ 27 برس قید میں رہنے کے بعد سنہ 1990 میں رہا ہوئے تھے۔رہائی کے بعد وہ ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس انٹرویو سے بظاہر وہ شک سچ ثابت ہو جاتا ہے کہ سی آئی اے نیلسن مینڈیلا کا پیچھا کیا کرتی تھی۔ان کے مطابق اس سے سی آئی اے پر اس سے متعلق اپنی دستاویزات کو عام کرنے کا بھی دباوٴ بڑھیگا جس سے منڈیلا کی گرفتاری میں امریکہ کے شامل ہونے اور اس وقت کی نسل پرست حکومت کی حمایت کرنے سے متعلق اس کے کردار کے بارے میں بھی پتہ چل سکے گا۔