کنڈہ سسٹم سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اہلکاروں کی لسٹیں تیار ہورہی ہیں،عابد شیر علی

سخت محاسبہ ہوگا، بدعنوانیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی،وزیر مملکت پانی و بجلی

اتوار 15 مئی 2016 10:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2016ء) کچی آبادیوں اور گوٹھوں میں کنڈہ سسٹم کے تحت قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اہلکاروں کی لسٹیں تیار ہورہی ہیں جن کا سخت محاسبہ ہوگااور بدعنوانیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔ا س بات کا اعادہ وزیر مملکت پانی و بجلی عابدشیر علی نے کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن آف پاکستان (کاگف) کے تاحیات چیئرمین سفیر امن صاحبزادہ احمدعمران نقشبندی مرشدی سے فون پرگفتگوکرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ( کاگف) کے چیئرمین نے وزیر مملکت کو حیسکو، کے الیکٹرک ،سیبکو،لیسکو اور بجلی فراہم کرنے والی دیگر کمپنیوں کی جانب سے زائد بلنگ ،ڈیڈیکشن بلوں،غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کچی آبادیوں و گوٹھوں کو بجلی کی فراہمی جیسے مسائل سے آگاہ کیا، وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم نوازشریف کی ترجیحات کی روشنی میں ان کچی آبادیوں اور گوٹھوں کو فوری بجلی کے کنکشن فراہم کررہی ہے جو ریگولرائیز ہوچکی ہیں یا پھر سندھ میں کچی آبادیوں کے کٹ آف ڈیٹ قانون کے زمرے میں آتی ہیں انہوں نے کہاکہ سندھ کے 8ہزار گوٹھوں اور 5ہزارکچی آبادیوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے نئے بجٹ میں فنڈز رکھے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے مکیں اپنی قومی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ناجائز اور کنڈہ سسٹم کے بجائے قانونی طورپر اپنے سب ڈویژن سے بجلی کے کنکشن کیلئے درخواستیں دیں اور جائز کنکشن حاصل کریں تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کاخاتمہ ہوسکے ، انہوں نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ میں حکومتی اقدامات سے 60فیصد کمی ہوچکی ہے اور آئندہ دوسالوں میں مکمل خاتمہ ہوجائے گا،انہوں نے کہا کہ بجلی کی جتنی پیداوار ہے اس سے کہیں زیادہ کھپت ہے اسی لئے وزیر اعظم نواز شریف ملک میں بجلی گھروں کی تعمیر کیلئے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ نئے آبی ذخائر کی تعمیر سے ملک خوشحال ہوگا اور ترقی کی منازل طے کریگا ، انہوں نے کہا کہ واپڈا کی ڈیڈیکشن بلوں کی پالیسی کے مطابق 4کلو واٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کمرشل او رگھریلو صارفین سے ڈیڈیکشن بلوں کی وصولی نہیں ہوگی ، ایم۔

(جاری ہے)

ٹی اسٹاف بغیر مجسٹریٹ کے بجلی چوری کی چیکنگ کیلئے چھاپے نہیں مارے گی اور نہ ہی غروب آفتاب کے بعد کسی صارف کے ہاں چھاپے مارے جائیں گے اور کوئی بھی ڈیڈیکشن بل صرف انتظامی اقدامات کی بنیاد پر جاری نہ ہوں گے ،اور بجلی کے تعطل کے خاتمے کیلئے ضلعی و تعلقوں کی سطع پر رابطہ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی ، انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کرنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ہوگا اورملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے پوری قوم وزیر اعظم نواز شریف کی زیر قیادت متفق اور متحدہے انہوں نے کہاکہ علی بابا اور چالیس چوربھی احتساب کے شکنجے میں آئیں گے ، انہوں نے کہا کہ کرپشن کا واویلا کرنے والے خود کرپشن کے بڑے چیمپئین نکلے ہیں دوسروں کی آف شور کمپنیوں کی نشاندہی کرنے والوں کی خودآف شور کمپنیاں سامنے آرہی ہیں اور اعترافی بیان بھی تو پھر ایسے متفاد لوگوں کے خلاف کیوں نہ احتساب کا گھیرا تنگ کیا جائے انہوں نے کہا کہ اب یہ لوگ کرپشن کرپشن کھیلنا بند کریں اور ملک کی تعمیرو ترقی کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ مثبت پالیسیوں کا ساتھ دیں۔