جنوبی پنجاب کے اضلاع میں چھٹی جماعت کی طالبات کے لئے وظیفہ کی رقم میں اضافے کا فیصلہ ، وظائف کی رقم حاضری سے مشروط ہو گی

قوم کے نو نہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے : شہباز شریف

اتوار 15 مئی 2016 10:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیمی اہداف کا حصول ہماری ترجیح ہے- معیار ی تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اہداف کے حصول کے لئے دلجمعی ، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا- قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے -پرائمری تعلیم کو تعلیمی شعبہ کی بہتری اور معیاری تعلیم کے فروغ میں بنیادی حیثیت حاصل ہے -فروغ تعلیم کیلئے پرائمری ایجوکیشن سسٹم کو مضبوط بنیادوں پر استوار کررہے ہیں اورسو فیصد انرولمنٹ یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں -پنجاب کی ہر یونین کونسل میں لڑکیوں کا ہائی سکول قائم کیا جائے گااوراس مقصد کیلئے یونین کونسل میں موجود مڈل سکولوں کو اپ گریڈ کر کے ہائی سکولوں کا درجہ دیا جائے گا-حکومت پنجاب ای لرننگ کے جامع پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہے -سرکاری سکولوں کے چھٹی اور نویں جماعت کے طلبہ و طالبات کو ٹیبلٹس دےئے جائیں گے-اسی طرح سائنس اور ریاضی کے اساتذہ کو بھی ٹیبلٹس دیں گے- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے یہ بات یہاں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی -چار گھنٹے تک جاری رہنے والے طویل اجلاس میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا- اجلاس میں جنوبی پنجاب کے اضلاع میں چھٹی جماعت کی طالبات کیلئے فراہم کیے جانیوالے وظیفہ کی رقم میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ وظائف کی رقم طالبات کی حاضری سے مشروط ہوگی-وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی کاوشوں سے پرائمری تعلیم میں بہتری آئی ہے -معیاری تعلیم کا فروغ بے حد ضروری ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے -وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پرائمری سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر اوراساتذہ کی فراہمی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے -سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے -نئے اساتذہ کی بھرتی کے عمل میں متعلقہ دیہات کے رہائشیوں کو ہی بھرتی کیا جائے اوراس ضمن میں پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے -پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے بھرتی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے -انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کے بغیرتعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں -ٹیچرز ٹریننگ سینٹرز میں اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے -انہوں نے کہا کہ طالبات کی زیادہ سے زیادہ انرولمنٹ کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیر ا ہیں-بچوں کی انرولمنٹ کو یقینی بنانے اورانہیں سکول سسٹم میں رکھنے کے لئے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنیادوں پراستوار کرنا ہوگا-وزیر اعلی نے پنجاب میں طالبات کے سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر بھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے اور جنوبی پنجاب میں بڑی حد تک سکولو ں بالخصوص طالبات کے سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے- انہوں نے کہا کہ جامع پروگرام کے تحت پرائمری سکولوں میں اضافی کلاس رومز بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پرائمری سکولوں میں ”ارلی چائلڈ ہڈ رومز “کے قیام کے پروگرام کو آگے بڑھایا جائے اوران ارلی چائلڈ ہڈ رومز میں بچوں کو خشک خوراک پر مشتمل لنچ( Dry Lunch Box)فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے-سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے معیاری تعلیم کے فروغ اورسکولوں میں بچوں کے داخلے کیلئے ہدف کے حصول کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی -چےئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی ای ۔

(جاری ہے)

لرننگ کے بارے میں بھی بریفنگ دی-صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد ،چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاوٴنڈیشن و ایم پی اے انجینئرنگ قمرالسلام، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چیف سیکرٹری ،ماہر ین تعلیم اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :