ترکی کا مطیع الرحمان کی پھانسی پرشدید احتجاج ، بنگلہ دیش سے سفیر واپس بلانے کا اعلان

مطیع الرحمان کی پھانسی پر یورپی یونین کی جانب سے کوئی آواز نہیں آئی ، کیونکہ جس شخص کو پھانسی دی گئی ہے وہ مسلمان ہے ترکی کے صدر طیب اردگان کا انقرہ میں خطاب

جمعہ 13 مئی 2016 09:39

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2016ء ) ترکی نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر مطیع الرحمان کی پھانسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بنگلہ دیش سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کردیا ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے انقرہ میں خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما مطیع الرحمان نظامی کی پھانسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ احتجاجاً بنگلہ دیش سے اپنا سفیر واپس بلا رہے ہیں ۔

اپنے خطاب کے دوران ترکی کے صدر نے یورپی یونین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب تمہارے پھانسی کے خلاف اقدامات کدھر ہیں ۔ مطیع الرحمان کی پھانسی پر یورپی یونین کی جانب سے کوئی آواز نہیں آئی کیونکہ جس شخص کو پھانسی دی گئی ہے وہ ایک مسلمان ہے ۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بنگلہ دیش میں ملک کی سب سے بڑی مذہبی جماعت جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان کو پھانسی دیدی گئی تھی ۔