وزیر اعظم پانامہ لیکس پر ایوان میں جواب دے دیں تو کمیشن کے مطالبے سے ہٹ جائیں گے ، نوازشریف نے پارلیمنٹ کو مطمئن کر دیا تو میں بھی مان جاؤں گا ،نیب چاہے تو مسئلہ ہفتوں میں حل ہو سکتا ہے ، حکومت میں بلیک میلر بیٹھے ہوئے ہیں ، میاں صاحب پر بڑا مشکل وقت آنے والا ہے ، جہانگیر ترین اور علیم خان کرپٹ ہیں تو پچھلے آٹھ سالوں سے (ن) لیگ نے ان کیوں نہیں پکڑا

پاکستان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 13 مئی 2016 09:37

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2016ء ) پاکستان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کو مطمئن کر دیا تو میں بھی مان جاؤں گا اور وزیر اعظم پانامہ لیکس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں جواب دے دیں تو کمیشن کے مطالبے سے ہٹ جائیں گے ، نیب چاہے تو مسئلہ ہفتوں میں حل ہو سکتا ہے ، ملک میں حکومت نہیں بلکہ اس میں سارے بلیک میلر بیٹھے ہوئے ہیں ، میاں صاحب پر بڑا مشکل وقت آنے والا ہے ، جہانگیر ترین اور علیم خان کرپٹ ہیں تو پچھلے آٹھ سالوں سے آپ نے انہیں کیوں نہیں پکڑا ۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم کے بچوں کانام آیا ہے ۔ جب ڈیوڈ کیمرون نے پارلیمنٹ میں بیان دیا تب کوئی کمیشن نہیں بنا تھا ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ موجودہ ٹی او آرز کے ساتھ میرا اور نواز شریف کا احتساب کر لیا جائے ۔ ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم کے پیسے باہر کیسے گئے اور کہاں سے کما کر بھیجے گئے ۔

وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کو مطمئن کردیا تو میں بھی مان جاؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نے کرپشن نہیں کی اور انہیں کو ئی فکر نہیں ہے تو وہ پندرہ منٹ میں جواب دے سکتے ہیں ۔ وہ جواب دے دیں تو کمیشن کے مطالبے سے بھی ہٹ جائیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ نیب چاہے تو یہ مسئلہ ہفتوں میں حل ہو سکتا ہے ۔ جب نیب کارروائی کرے گی تو نواز شریف کو بتانا پڑے گا کہ پیسہ کہاں سے اور کیسے آیا ۔

یہ حکومت نہیں بلیک میلرز بیٹھے ہوئے ہیں ۔ عمران خان نے پیش گوئی کی کہ میاں صاحب کے لئے بڑا مشکل وقت آرہا ہے اور ہمارا سڑکوں پر نکلنے کا موقف ابھی تبدیل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں لوگ پانامہ لیکس میں نام آنے پر جواب دے رہے ہیں اور یہاں بادشاہ سلامت مغل اعظم بنے بیٹھے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر جہاں ترین اور علیم خان کرپٹ ہیں تو پچھلے آٹھ سال سے نون لیگ کی حکومت ہے انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے موقف نہیں بدلا بلکہ شروع سے ہی آزاد کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ نیب پر ہمارا اعتماد نہیں ہے اس لئے جوڈیشل کمیشن بھی کارروائی کرے ۔ سب سے دیکھا خیبر پختونخوا میں الیکشن کے دوران وزیر کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔