پاکستان کے باہر اسحاق ڈار کی ملکیت میں کوئی جائیداد ‘ فلیٹ نہیں ،ترجمان

جمعرات 12 مئی 2016 09:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ دوبئی میں ان کی کوئی جائیداد نہیں ہے‘ دوبئی امارات ہلز میں ای 144 اور ایل 53 جائیدادوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باہر ان کی ملکیت میں کوئی جائیداد ‘ فلیٹ وغیرہ نہیں ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ترجمان کی طرف سے یہ وضاحتی بیان ذرائع ابلاغ میں عائد کردہ الزام کے جواب میں جاری کیا گیا ہے جس میں وزیر خزانہ کی دوبئی میں ملکیتی جائیدادوں کے بارے میں بات کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ دوبئی میں ای 144 گھر 2003 ء میں بینک سے قرضہ حاصل کرکے خریدا گیا تھا۔ بینک کا قرضہ کی 74 قسطیں ادا کرنے کے بعد اسحاق ڈار نے یہ گھر اپنے بیٹوں علی مصطفیٰ ڈار اور مجتبی حسنین ڈار کو تحفہ میں 2011 ء میں دے دیا تھا۔ اسحاق ڈار نے گھر کی خریداری بینک سے قرضے اور اقساط کی ادائیگی کی تفصیلات اپنے سالانہ ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کی ہیں۔ جہاں تک ایل 53 امارات ہلز میں فلیٹ کا تعلق ہے یہ جائیداد 2003 ء میں خریدی گئی تھی اس جائیداد کی ایک قسط ادا کرنے کے بعد یہ پراپرٹی بھی 2005 ء میں فروخت کردی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے گریز کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :