سرگودھا، سپریم کورٹ کا ناجائز اثاثہ کیس میں چوہدری حامد حمید کو باعزت بری کرکے قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کرنے کا حکم

بدھ 11 مئی 2016 09:32

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ناجائز اثاثہ کیس میں چوہدری حامد حمید کو باعزت بری کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کرنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ کی بنچ تین ارکان پر مشتمل تھا بنچ کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کی جب کہ دیگر معزز ارکان نے جسٹس عظمت سعید اور جسٹس فیصل عرب شا مل تھے۔

تفصیلات کے مطابق این اے 66سرگودھا سے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر چوہدری حامد حمید بھاری اکثیرت سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جن کے خلاف مدمقابلہ امیدوار جس کا تعلق تحریک انصاف سے تھا بیرسٹر عبداللہ ممتاز کاہلوں نے الیکشن ٹربیونل میں اثاثے چھپانے کا مقدمہ دائر کیا جس پر الیکشن ٹربیونل نے چوہدری حامد حمید کو نااہل قرار دے دیا جس کی اپیل سپریم کورٹ آف پاکستان میں کی جس پر فاضل عدالت نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے چوہدری حامد حمید کو بحال کردیا جس کی باقاعدہ سماعت گذشتہ روز سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کی ۔

(جاری ہے)

بیرسٹر عبداللہ ممتاز کاہلوں کی طرف سے معروف قانوندان بابر اعوان نے پیروی کی جبکہ چوہدری حامد حمید کی طرف سے جسٹس ریٹائرڈ طارق محمودعدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے دونوں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد معزز عدالت نے چوہدری حامد حمید کو تمام الزامات سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے ان کو باعزت طور پر رکن قومی اسمبلی فرائض سرانجام جاری رکھنے کا حکم دیا۔