پاناما لیکس کے معاملے پر لندن میں کانفرنس کا اعلان

بدھ 11 مئی 2016 10:18

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء)عالمی رہنماوٴں، غیرسرکاری تنظیموں اور مالیاتی اداروں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس لندن میں منعقد ہو رہا ہے۔ جمعرات کو اس اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر انسداد بدعنوانی کے لیے موٴثر اقدامات ہے۔اس بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کریں گے، جن کا کہنا ہے کہ وہ پاناما پیپرز کے سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ایک بین الاقوامی اشتراکِ عمل چاہتے ہیں۔

اس اجلاس میں دنیا کے چالیس ممالک کے رہنماوٴں کے علاوہ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ جیسے مالیاتی ادارے شریک ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں افغانستان، کولمبیا اور نائجیریا کے صدر کے ساتھ ساتھ امریکی وزیرخارجہ جان کیری بھی شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ کیمرون نے اس اجلاس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا، ”بدعنوانی ترقی کی بدترین دشمن ہے اور دنیا بھر میں بے شمار مسائل کی جڑ ہے۔

“بدعنوانی کے خاتمے کی مہم چلانے والوں کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاناما پیپرز کے تناظر میں عالمی برداری ایک مربوط اور ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرے گی۔ پاناما پیپرز کے نام سے خفیہ دستاویزات سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں عوامی سطح پر ردعمل عمل دیکھا جا رہا ہے۔ ان خفیہ دستاویزات کے مطابق دنیا کے متعدد امیر افراد اور اداروں نے ٹیکس بچانے یا سرمایہ چھپانے کے لیے سمندر پار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔

متعلقہ عنوان :