برازیل کی صدر ڈیلما روزیف کے خلاف مواخذے کی تحریک کا عمل التواء کا شکار

منگل 10 مئی 2016 10:14

برازیلیہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2016ء) برازیل کی صدر ڈیلما روزیف کے خلاف مواخذے کی تحریک کا عمل کٹھائی میں پڑ گیا ہے۔ برازیل کے ایوانِ زیریں کے قائم مقام سپیکر والدیر مارانہاوٴ نے 17 اپریل کو ایوان میں ہونے والے ووٹ کو منسوخ کر دیا ہے جس کے ذریعے اس معاملے کو سینیٹ میں لے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے سینیٹ نے (کل)بدھ کو مواخذے کی کارروائی شروع کرنی تھی۔

اب یہ واضح نہیں ہے کہ اس پر ووٹنگ ہو گی یا نہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اگر یہ کارروائی شروع ہو جاتی ہے تو ملک کے آئین کے تحت روزیف چھ ماہ کے لیے صدر کے عہدے سے معطل ہو جائیں گی۔ایوانِ زیریں کے قائم مقام سپیکر مارانہاوٴ کہتے ہیں کہ ایوانِ زیریں میں مواخذے کے حق میں ووٹنگ کے دوران کچھ بے قاعدگیاں دیکھنے میں آئی تھیں اور ایوانِ زیریں کے نمائندوں کو ووٹ ڈالنے سے پہلے اپنی پوزیشن کا اعلان اس طرح کھلے عام نہیں کرنا چاہیے تھا۔انھوں نے کہا کہ ایوانِ زیریں میں نیا ووٹ ہونا چاہیے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سینیٹ کارروائی کو ایوانِ زیریں میں دوبارہ واپس بھیجنے پر رضامند ہو گا یا نہیں۔