ملک کا لیڈر کرپٹ ہو تو قوم کو تباہ کردیتا ہے ،عمران خان

جب لیڈر خود چور ہو تو ملکی اداروں کو کیسے آزاد ہونے دے گا لیکن میاں صاحب اب اپنے امپائر بھی کھڑے کردو لیکن شکست آپ ہی کی ہوگی،پشاور میں جلسے سے خطاب نواز شریف اگر بے قصور ہیں تو خیبرپختونخوا کی طرح احتساب کا قانون لیکر آئیں،پاناما لیکس کا جواب دینے کے بجائے نواز شریف معصوم بن جاتے ہیں اور آجکل جلسے کرنے نکلے ہوئے ہیں، پشاور میں جلسہ عام سے خطاب

منگل 10 مئی 2016 10:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2016ء) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ملک کا لیڈر کرپٹ ہو تو وہ قوم کو تباہ کردیتا ہے کیوں کہ جب لیڈر خود چور ہو تو ملکی اداروں کو کیسے آزاد ہونے دے گا لیکن میاں صاحب اب اپنے امپائر بھی کھڑے کردو لیکن شکست آپ ہی کی ہوگی۔پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ عمران خان نے کہا وزیراعظم نے سوائے میرے پوری اپوزیشن کو بھی قابو کر لیا ہے۔

20 سال سے کہہ رہا تھا کہ نواز شریف نے پیسہ بنایا اور اللہ سچ سامنے لیکر آیا ہے۔ پاناما لیکس کا جواب دینے کے بجائے نواز شریف معصوم بن جاتے ہیں اور آجکل جلسے کرنے نکلے ہوئے ہیں۔ پاناما لیکس میں نام آنے پر آئس لینڈ کے وزیراعظم نے استعفیٰ دیا میاں صاحب آپ کو دوروں کی بجائے جواب دینا ہو گا۔

(جاری ہے)

میاں صاحب نے سکھر میں ایئرکنڈیشنڈ جلسہ کیا ہمارا جلسہ دیکھیں چالیس ڈگری میں میرے ٹائیگر کھڑے ہیں اس کو جلسہ کہتے ہیں ۔

نوجوان نیا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ملائیشیا کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا مہاتیر محمد نے ملایشیا کو عظیم ملک بنایا۔ مہاتیر محمد نے کہا کہ لیڈر کو ایماندار ہونا چاہیے کیونکہ جب لیڈر کرپٹ ہو تو پورا ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ جب لیڈر خود چور ہو تو نیب کو کیسے آزاد ہونے دے گا ورنہ خود پکڑا جائے گا۔ خیبرپختونخوا کی نیب نے وزیر کو پکڑا کبھی ایسا پہلے نہیں ہوا تھا۔

نواز شریف اگر بے قصور ہیں تو خیبرپختونخوا کی طرح احتساب کا قانون لیکر آئیں۔ عمران خان نے کہا نواز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا تھا کیونکہ کرپٹ آدمی کبھی بھی عدلیہ کو نہیں چلنے دے گا۔ پنجاب پولیس چھوٹو گینگ کا مقابلہ نہیں کر سکی اور فوج بلانا پڑی۔ خیبرپختونخوا پولیس نے سورن سنگھ کے قاتلوں کو 24 گھنٹے میں پکڑ لیا۔ زیادہ دیر نہیں پنجاب پولیس بھی ٹھیک کر کے دکھاؤں گا۔

میاں صاحب نے کرپشن بچانے کیلئے پورے ملک کا نظام تباہ کر دیا۔ کپتان نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہمارا اور حکومت کا زبردست ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ ہونے والا ہے کیونکہ ایک طرف کرپٹ لوگ اور دوسری پاکستانی ہیں۔ میاں صاحب آپ کو آپ کے امپائروں کے ساتھ ہراؤں گا۔ عمران خان نے کہا وزیراعظم نے کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے اور نجم سیٹھی کو دھاندلی کروانے پر کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنایا۔

پی ٹی وی پر بھی سفارشی لگا دیا گیا تمام ادارے تباہ کر دیئے گئے۔ ضمنی انتخابات میں نئے اور پرانے پاکستان کا مقابلہ ہو گا۔ دھاندلی پر الیکشن کمیشن کا احتساب کروں گا تین حلقے مانگے تھے اب تک 3 وکٹیں گر گئیں چکی ہیں اب چوتھی گرنے والی ہے۔ خواجہ آصف سپریم کورٹ کے پیچھے چھپا ہوا تھا ان کے حلقے میں 30 ہزار جعلی ووٹ نکلے ۔ (ن) لیگ نے الیکشن کمیشن کیساتھ ملکر دھاندلی کی تھی۔

عمران خان نے کہا خیبرپختونخوا میں کرپشن کو نیچے لیکر آئے ہیں۔ ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کے مطابق پہلی حکومت میں سب سے زیادہ کرپشن تھی ۔عمران خان نے کہاکہ بنوں کے جلسے میں اکرم خان درانی نے بہت فنکاریاں دکھائیں، میاں صاحب جب حکم کریں میں بنی گالہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا اور خیبرپختونخوا کی حکومت بھی گرا سکتا ہوں لیکن مجھے یہ تو بتائیں کہ آپ یہ حکومت کیسے گرائیں گے، کیا رشوت کے ذریعے ہمارے اسمبلی ارکان کو خریدا جائے گا، یہ کیسے اسلام کے عالم ہیں جو لوگوں کے ضمیروں کا سودا کرکے حکومت گرانے کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر سیاست کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، اور میں چاہتا ہوں کہ میرے ارکان اسمبلی کی قیمت لگاؤ تاکہ ہمیں بھی کچرا صاف کرنے کا موقع ملے۔چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی کو یہودی کا ایجنٹ بننے کی کوئی ضرورت نہیں، جو ظلم آپ پاکستان کے ساتھ کررہے ہیں اتنا تو کوئی یہودی بھی نہیں کرے گا جب کہ فضل الرحمان نے پرویز مشرف، آصف زرداری اور نوازشریف سمیت سب کی حکومتوں کا ساتھ دیا اور خدانخواستہ پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو مولانا اس کا بھی ساتھ دیں گے اور فتویٰ دیں گے کہ یہودی کے نیچے حکومت کرنا جائز ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب غلط جگہ نیا خیبرپختونخوا ڈھونڈ رہے ہیں، کیوں کہ سڑکیں اور پل بنانے سے قومیں نہیں بنتی بلکہ لوگوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں روزگار اور تعلیم دیں اور ان کی خدمت کریں کیوں کہ یہی آگے جاکر قوم بنائیں گے۔چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان تقسیم ہوچکا ہے، ایک طرف عوام جو کرپشن سے آزادی چاہتی ہے اور دوسری طرف مولانا فضل الرحمان جیسے لوگ ہیں جو کرپشن بچانا چاہتے ہیں لیکن میاں صاحب آپ اپنے امپائر بھی کھڑے کردو لیکن شکست آپ کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف 4 حلقے کھلوانے کا کہا تھا اور 3 وکٹیں ہم گراچکے ہیں جب کہ چوتھی وکٹ بھی جلد گرنے والی ہے کیوں کہ خواجہ آصف کے حلقے سے 30 ہزار جعلی ووٹ نکلیں۔