وزیر خزانہ کی زیر صدارت کو لاء ریویو کمیٹی کا اجلاس

الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی بارے تیار کردہ ڈرافٹ ترمیمی بل پر غور

پیر 9 مئی 2016 09:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اتوار کو لاء ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ‘ اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے تیار کردہ ڈرافٹ ترمیمی بل پر غور و خوص کیا گیا اور اس کے علاوہ پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی پیر کو ہونے والی میٹنگ کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈرافٹ اپرنٹس شپ بل ‘ کریڈٹ بیورو ترمیمی آرڈیننس 2016 ء اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی بل 2016 ء پر بھی بحث کی گئی جو کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں زیر التواء پڑے ہوئے ہیں۔ کمیٹی کے ممبران نے قانونی معاملات میں بہتری لانے کیلئے مختلف سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد ‘ وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر لاء بیرسٹر ظفر الله خان نے شرکت کی۔