ایران نے حلب میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 13 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی

مارے جانے والے فوجی حلب میں اسدی فوج کی عسکری امور میں رہنمائی کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے، حکام

پیر 9 مئی 2016 10:09

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء)ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے شام کے جنگ زدہ شہر حلب میں اپنے 13 فوجی مشیروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے ، مارے جانے والے فوجی حلب میں اسدی فوج کی عسکری امور میں رہنمائی کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔خیال رہے کہ حلب کے جنوب مغربی علاقے خان طومان میں جمعہ کو شامی مزاحمتی تنظیموں نے گھمسان کی جنگ کے بعد قبضہ کرلیا تھا۔

اس لڑائی میں دسیوں افراد مارے گئے تھے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے بتایا کہ حلب میں تازہ لڑائی میں ان کے 13 فوجی افسر اور جوان ہلاک جب کہ 21 زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز جیش الفتح نامی شامی اپوزیشن گروپوں کے اتحاد نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے خان طومان سے اسدی فوج کو نکال باہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

جیش الفتح میں القاعدہ کا مقرب گروپ”النصرہ“ بھی شامل ہے۔اھر ایرانی نائب وزیر خارجہ برائے عرب اور افریقی امور حسین امیر عبداللھیان نے ایک بیان میں بتایا کہ جمعہ کو حلب میں ہونے والی لڑائی میں ان کے کئی عسکری مشیر ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے شام کے محاذ جنگ پر ایران کی ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کی موجودگی کی سختی سے تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران شام میں اپنے عسکری مشیروں کی تعداد میں اضافہ جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :