افغانستان میں فائرنگ سے دو غیر ملکی فوجی ہلاک

ہلاک ہونے والے فوجی رومانیہ کی خصوصی فورسز کے ارکان تھے،رومانیہ کی وزارت دفاع نے تصدیق کردی

پیر 9 مئی 2016 10:09

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء)افغانستان میں نیٹو نے کہاہے کہ ملک کے جنوبی علاقے میں سکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس حملہ آوروں کی فائرنگ سے اس کے دو فوجی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔رومانیہ کی وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجی رومانیہ کی خصوصی فورسز کے ارکان تھے۔ان فوجیوں کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ افغان شہر قندہار میں پولیس کو تربیت دے رہے تھے۔

حالیہ برسوں میں افغان سکیورٹی فورسز کی جانب سے اتحادی فوجیوں پر حملہ کرنے کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔نیٹو کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی فوجیوں پر حملہ کرنے والے حملہ آوروں کو بھی بعد میں ہلاک کر دیا گیا ہے اور اس حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔اس وقعے میں ایک افغان پولیس اہلکار کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں نیٹو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس واقعے سے اس کے افغان فورسز کو تربیت فراہم کرنے اور مشاورت کرنے کے عمل کو خطرہ نہیں ہے۔افغانستان میں موجود تقریباً 12500 غیر ملکی فوجیوں میں سے 600 فوجی رومانیہ کے ہیں۔آئندہ سال کے آغاز تک امریکی فوجیوں کی تعداد کو 9800 سے 5500 تک کم کیا جانا ہے لیکن ایسا کہا جا رہا ہے کہ جنرل نیکولسن شاید فوجیوں کے انخلا کو ملتوی کرنے کی درخواست کر دیں تا کہ تربیتی مشن کو جاری رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :