کینیڈا میں آگ البرٹا سے متصل صوبے تک پھیلنے کا خطرہ ،ہزاروں افرادپھنس گئے

جمعہ کو5500افراد کو علاقے سے نکالا گیا تھا ، مزید4000افراد کا انخلاء ابھی باقی ہے، کینیڈین حکام

پیر 9 مئی 2016 10:09

ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء)کینیڈا کے صوبے البرٹا کے جنگلات میں لگنے والی شدید آگ متصل صوبے ساسک چیوان تک پھیلنے کا خدشہ ہے۔گرم اور خشک ہواوٴں کی وجہ سے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف سینکڑوں فائر فائٹرز کو مشکل پیش آ رہی ہے۔یہ آگ پہلے ہی اب تک فورٹ مک مرے شہر سے 80 ہزار افراد کے انخلا کی وجہ بن چکی ہے۔ہزاروں افراد شہر کے شمال میں پھنسے ہوئے ہیں لیکن حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد انخلا کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

البرٹا کی وزیراعلیٰ ریچل نوٹلی کا کہنا ہے کہ ’فورٹ مک مرے میں آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ’ پیشنگوئی کی گئی ہے کہ درجہ حرارت 20 سے اوپر رہے گا اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں حکام نے ہمیں بتایا ہے کہ جنگلات والے علاقوں میں آج اس آگ میں دگنا اضافہ ہو سکتا ہے۔

تاہم اتوار اور پیر کے روز بارش ہونے کا امکان ہے جس سے حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔شہریوں سے اپنے مکانات خالی کر دینے کے لیے کہا گیا ہے جبکہ بعض کو طیاروں کی مدد سے نکالا گیا ہے۔ جمعے کو 5500 افراد کو نکالا گیا جبکہ مزید 4000 افراد کو نکالا جانا ہے۔اب تک 300 سے زیادہ پروازوں کے ذریعے فورٹ میک مرے سے ہزاروں افراد کو صوبائی دارالحکومت ایڈمونٹن پہنچایا گیا ہے۔

پولیس کی نگرانی میں ڈیڑھ ہزار گاڑیوں کے قافلے کو شہر کے جنوبی حصے سے گزرنا تھا لیکن جمعے کی شام اسے شعلوں کے سبب ایک گھنٹے تک رکنا پڑا۔اس شدید آگ کے نتیجے میں 1600 کے قریب مکانات اور عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں تاہم کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔فورٹ مک مرے کینیڈا کے تیل پیدا کرنے والے علاقے میں ہے اور آگ کی وجہ سے ایک تہائی تیل کی پیداوار روک دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :