پانامہ لیکس میں نام آنے والوں کا احتساب ضرور ہو گا‘ حکمران احتساب سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے، سراج الحق

بلوچستان میں شفاف احتساب ہوا تو موجودہ اور سابقہ حکمران جیل جائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کا جلسہ عام سے خطاب

پیر 9 مئی 2016 10:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں نام آنے والوں کا احتساب ضرور ہو گا‘ حکمران احتساب سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے‘ اپوزیشن کے ٹی او آرز عوامی مطالبات کے عکاس ہیں‘ دہشت گردی کی طرح کرپشن بھی جرم ہے جس کے خاتمے کیلئے قانون سازی ضروری ہے‘ بلوچستان میں شفاف احتساب ہوا تو موجودہ اور سابقہ حکمران جیل جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ جلد ہی پارلیمنٹ میں کرپشن کے خاتمے کیلئے بل لاؤں گا کیونکہ جس طرح دہشتگردی جرم ہے اسی طرح کرپشن بھی بہت بڑا جرم ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کی تمام جماعتیں اس بل کی منظوری کیلئے حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کے ساتھ عوام کو بھی کرپشن کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ پانامہ پیپرز میں جن جن لوگوں کے نام آئے ہیں ان کا احتساب ہو گا اور ضرور ہو گا۔ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ موجودہ تمام کرپٹ افراد کو باہر نکالیں اور نشاندہی بھی کریں تاکہ قانون کی گرفت میں لائے جا سکیں۔

عوام کی طاقت اور سیاست دانوں کے تعاون سے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے احتساب کیلئے جو ٹی او آرز پیش کئے ہیں وہ عوام کے مطالبات ہیں موجودہ حکمران احتساب سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم نواز شریف پارلیمنٹ آئیں اور اپنے بینک اکاؤنٹس سے متعلق پارلیمنٹ اور عوام کو آگاہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ کی گرفتاری اور ان کے پاس سے اتنے پیسوں کا نکلنا نہایت شرم ناک ہے۔ اگر بلوچستان میں صحیح طرح احتساب ہوا تو موجودہ اور سابقہ حکمران سب جیل میں جائیں گے۔ کرپشن کرنے والوں نے بلوچستان کی غریب عوام کو چاروں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔