پاکستان موسمیاتی تبدیلی بارے ادارہ قائم کرنے والا چوتھا ملک بن گیا

گرین پاکستان پروگرام مخصوص مقاصد کے ساتھ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ پیرس معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے، زاہد حامد

پیر 9 مئی 2016 10:02

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور قانون و انصاف زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی بارے ادارہ قائم کرنے والا چوتھا ملک ہے ۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں یورپی یونین کے سفارتی نمائندے جین فرینکوئیس کاڈٹین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سے پیرس معاہدہ پر عمل درآمد کے سلسلہ میں فرانس کی سفیر مسز مارٹین ڈورنیس کے ہمراہ ملاقات کی ۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ پاکستان نے پیرس معاہدہ پر عمل درآمد کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم کی سربراہی میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی بارے کونسل قائم کر رہا ہے جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کی اتھارٹی قائم کرنے والا چوتھا ملک ہے یہ ایک پیشہ وارانہ ادارہ ہو گا جو کہ تمام ترقیاتی شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی کی نگرانی کرے گا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ملاقات کرنے والے وفد کو بتایا کہ گرین پاکستان پروگرام مخصوص مقاصد کے ساتھ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ پیرس معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اس میں شجر کاری کافروغ، قابل تجدید توانائی وغیرہ جیسے دونوں اقدامات شامل ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ عوام میں موسمیاتی تبدیلیوں بارے شعور آگاہی کے اقدامات گرین پاکستان پروگرام کے مقاصد میں شامل ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی قومی پالیسی پر عمل درآمد کی کمیٹی فعال کر دی گئی ہے تاکہ وفاقی اور صوبائی سطحوں پر پالیسی سفارشات پر عمل درآمد میں پیش رفت کی نگرانی کی جا سکے ۔ عمل درآمد میں سہولت اور آسانی کے سلسلہ میں فریم ورک بنایا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کے حوالہ سے 135ویں نمبر پر ہے تاہم اس کے باوجود پاکستان گرین کلائمیٹ فنڈ میں سے اپنا حصہ وصول کرنے کی تیاریوں کے لئے کوششیں کر رہا ہے اور سی ٹی سی این کے تحت ٹیکنالوجی کی ضروریات کا جائزہ اور سکینڈ نیشنل کمیونیکیشن سٹڈی شروع کر دی گئی ہے ۔

وفد کو بتایا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حصہ کے طو رپر ہوا اور سورج کی روشنی سے بجلی کی تیاری کے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :