ڈیرہ غازیخان ،زہریلی لسی پینے سے ایک ہی خاندان کے 20افراد کی حالت بگڑ گئی

متعدد بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل

اتوار 8 مئی 2016 10:27

ڈیرہ غازیخان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8مئی۔2016ء) زہریلی لسی پینے سے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 20افراد کی حالت بگڑ گئی ، جبکہ متعدد کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے علاقہ سمینہ چوک کے رہائشی محمد اسماعیل نامی شخص کے اہل خانہ کی لسی پینے سے حالت غیر ہوگئی جنہیں طبی امداد کیلئے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا متاثرین میں خواتین اور بچوں سمیت 20افرادپانچ سالہ فہد اور نظام الدین ،چھ سالہ ہدیہ، سات سالہ کرن ،آٹھ سالہ وقار احمد ،12سالہ سائزہ بی بی اوروقاص احمد، 14سالہ قصواہ بی بی ، 15سالہ وسیم احمداور الیاس ، 35سالہ عارفہ ، 40سالہ آمنہ بی بی ، 55سالہ زاہد مائی ، محمد اسماعیل اور زرینہ مائی وغیرہ شامل ہیں جن میں سے متعدد کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال لایا گیا جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم ڈاکٹروں کے مطابق ہسپتال لائے گئے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جا رہی ہے ،جبکہ دوسری جانب ہسپتال لائے گئے متاثرین کے مطابق انہوں نے گھر میں تیار کی گئی لسی پی تھی جس کی وجہ سے ان کی حالت غیر ہوگئی اور یکے بعد دیگرے بیہوش ہونا شروع ہوگئے ۔

(جاری ہے)

جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لسی کے نمانے حاصل کر لئے گئے ہیں تاہم رپورٹ آنے کے بعد واضح ہو گا کہ لسی میں ایسے کون سے اجزاء شامل تھے جس سے تمام کی حالت خراب ہو گئی ۔