آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں بھی ثابت ہو گیا کہ اسکی موت تشدد سے ہوئی، متحدہ قومی موومنٹ

آرمی چیف نے وعدہ کیا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، مدت سے کہہ رہے تھے سب اچھا نہیں کہیں نہ کہیں گڑبڑ ہے، ہمارے 165افراد لاپتہ ہو چکے ہیں انہیں بازیاب کرایا جائے،ہم رینجرز کے اختیارات کو کم کرنے کا نہیں کہتے اور نہ ہی 90روزکے ریمانڈ کو کم کرنے کا کہہ رہے ہیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ ریمانڈ پر لئے گئے افراد کو عدالتوں میں بھی پیش کیا جاتا رہے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس

جمعہ 6 مئی 2016 09:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2016ء )ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں بھی ثابت ہو گیا کہ آفتاب کی موت تشدد سے ہوئی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وعدہ کیا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے،آفتاب کی موت سے باتیں واضح ہو گئیں، مدت سے کہہ رہے تھے سب اچھا نہیں کہیں نہ کہیں گڑبڑ ہے، ہمارے 165افراد لاپتہ ہو چکے ہیں انہیں بازیاب کرایا جائے ۔

جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ آفتاب احمد کی ماورائے عدالت قتل پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔آرمی چیف کے احکامات اطمینان کا باعث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے ان پر کئے گئے تشدد کی تصدیق کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں امید ہے تحقیقات ہوں گی اور عوامل کا بھی پتہ لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ 165کارکنوں کے اہل خانہ اپنے بچوں سے متعلق ہم سے پوچھ رہے ہیں ان لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے ۔فاورق ستار نے کہا کہ 90روز کے ریمانڈ پر کارکنوں کا میڈیکل چیک اپ ہونا چاہیے ۔اعترافی بیانات میں جبر اور ٹارچر کے معاملات کا ازسرنوجائزہ لیا جائے کہ کہیں وہ بیانات جبر اورٹارچر سے تو نہیں لئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم رینجرز کے اختیارات کو کم کرنے کا نہیں کہتے اور نہ ہی 90روزکے ریمانڈ کو کم کرنے کا کہہ رہے ہیں ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ ریمانڈ پر لئے گئے افراد کو عدالتوں میں بھی پیش کیا جاتا رہے ۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم ہو جاتی تو آفتاب احمد کے رینجرز کے ہاتھوں قتل جیسے سانحات نہ ہوتے ۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آفتاب احمد کے واقع سے بہت سی باتیں واضح ہوئی ہیں، ایم کیو ایم عرصہ دراز سے کہہ رہی تھی کہ سب اچھا نہیں ہو رہا، کہیں نہ کہیں گڑبڑ ہے، آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ اسکی موت تشدد کے باعث ہوئی۔

ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر ٓفتاب احمد کے سوئم پر ایم کیو ایم کے رہنماوٴں اور کارکنان نے انکی رہائشگاہ پر بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ ایم کیو ایم کے رہنماوٴں نے یاسین آباد شہداء کے قبرستان میں آفتاب احمد کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی۔آفتاب احمد کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماء خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن نے نام پر ایم کیو ایم کے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ایم کیو ایم کے رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ آفتاب احمد کیس انتہائی اہم ہے، ادارے کے سربراہوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ تشدد کرنے والی کالی بھیڑوں کو باہر نکالیں۔

متعلقہ عنوان :