ایشیاء سرکل کبڈی کپ ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کر لی

بھارت اور ایران نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لیے،روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ (کل) کھیلا جائے گا

جمعرات 5 مئی 2016 09:28

واہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2016ء)تیسرے ایشیاء سرکل کبڈی کپ کے تیسرے روز پاکستان نے افغانستان کو13 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کر لی،دیگر میچز میں بھارت اور ایران نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لیے ،ٹورنامنٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ (کل) جمعہ کو کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو واہ کینٹ میں جاری تیسرے ایشیاء سرکل کبڈی کپ کے تیسرے روز 3میچز کھیلے گے۔

(جاری ہے)

پہلا میچ بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں بھارت نے نیپال کو16 پوائنٹس کے مقابلے میں 48 پوائنٹس سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کی،دوسرے میچ میں ایران نے سری لنکا کو باآسانی 10 پوائنٹس کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری فتح حاصل کی۔گذشتہ روز کھیلے گے تیسرے اور آخری میچ پاکستان اور افغانستان کے مابین کھیلا گیا جس میں پاکستان نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 13پوائنٹس کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کی،اس سے پہلے پاکستان نے ایران اور سری لنکا کی ٹیموں کو شکست دی تھی،ٹورنامنٹ میں (کل)جمعہ کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔