ممتاز قادری کو سلمان تاثیر کے قتل پر اکسانے والے مفتی حنیف قریشی کو برطانیہ نے ویزہ دیدیا

مفتی حنیف قریشی نے ایک تقریر میں سابق گورنر پنجاب کو توہین رسالت کا مرتکب قرار دیکر واجب القتل قرار دیا تھا برطانیہ کا دہرا معیار،ایک طرف مسلمانوں پر شدت پسندی کا الزام دوسری طرف مفتی حمید جیسے نام نہاد دینی رہنماؤں کو ویزے

جمعرات 5 مئی 2016 09:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2016ء) ممتاز قادری کو سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے حوالے سے اکسانے والے مفتی حنیف قریشی کو برطانیہ نے مخصوص مدت کے لئے ملٹی پل ویزہ دے دیا ہے مفتی حنیف قریشی نے اپنی ایک جذباتی تقریر میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو توہین رسالت کا مرتکب قرار دے کر انہیں واجب القتل قرار دیا تھا اس محفل میں ممتاز قادری بھی موجود تھا قاری حنیف قریشی کی تقریر سے متاثر ہو کر ممتاز قادری جو کہ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی سیکیورٹی پر مامور تھا نے سرکاری گن سے سلمان تاثیر پر اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا حالانکہ سابق گورنر نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں حضور کی شان میں گستاخی کی سختی سے تردید کی تھی اور کہا تھا کہ میں گستاخ رسول پر لعنت بھیجتا ہوں اس کے باوجود کانسٹیبل ممتاز قادری نے مفتی حنیف قریشی کے فتوے کو عملی جامع پہنایا ۔

(جاری ہے)

قابل فکر بات یہ ہے کہ برطانیہ کا بھی اس حوالے سے دہرا معیار ہے ایک طرف برطانوی حکومت مسلمانوں پر شدت پسندی کا الزام لگاتی ہے اور دوسری طرف معاشرے میں عدم برداشت کا درس دینے والے مفتی حنیف قریشی جیسے نام نہاد دینی رہنماؤں کو ویزے بھی جاری کرتی ہے اور پھر جب انگلینڈ یا یورپ میں کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے تو سب مسلمانوں پر شک کیا جاتا ہے خبر رساں ادارے نے اس حوالے سے مفتی حنیف قریشی سے رابطہ کیا تو دن دو بجے انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو کس ایجنسی نے میرے بارے میں معلومات دی ہیں اور فون منقطع کر دیا اس کے بعد رات آٹھ بجے رابطہ کیا گیا تو فون اٹینڈکرنے والے نے اپنا نام نہیں بتایا البتہ اتنا ضرور کہا کہ مفتی حنیف قریشی تو بدھ کی صبح برطانیہ جا چکے ہیں ۔