سابق صوبائی وزیر ریاض فتیانہ نے جولائی میں نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا

نئی سیاسی جماعت ملک میں انقلاب لائے گی،انقلاب ہی سے غریبوں کی تقدیر بدلے گی ،پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 4 مئی 2016 09:50

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2016ء)سابق صوبائی وزیر تعلیم ایم ریاض فتیانہ نے نئی سیاسی جماعت جولائی میں بنانے کا اعلان کیا ہے انہوں نے یہ اعلان ساہیوال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس میں کیا اور انہوں نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت ملک میں انقلاب لائے گی اور انقلاب ہی سے غریبوں کی تقدیر بدلے گی انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر اشرافیہ کی حکومت ہے ایک ارب پتی دوسرے ارب پتی کو اقتدار سونپ رہا ہے اور 10%فیصد اشرافیہ ملک پر قابض ہے 30%فیصد متوسط طبقہ اور 60%فیصدغریب طبقہ اقتدار سے محروم ہے جس کی وجہ سے منی لانڈرنگ اور شوروم کمپنیاں بیرون ملک بن رہی ہیں وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان سمیت موجودہ پارلیمنٹ کے ارکان بھی لوٹ گھسوٹ کے نظام میں ملوث ہیں تمام سیاسی پارٹیوں کو منی لانڈرنگ اور آف شور کمپنیوں میں ملوث تمام افرادکو پارٹیوں سے نکال دینا چاہیے جس کے بعد ملک میں کوئی تبدیلی آسکتی ہے کیونکہ حکمران طبقہ کماتے پاکستان میں ہیں اور سرمایہ بیرون ملکوں میں رکھ کر آف شور کمپنیاں بنا کر اپنی دولت اور سرمایہ بڑھا رہے ہیں جس سے غریب طبقہ دن بدن کمزور ہو رہا ہے اور ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی نئی پارٹی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جولائی میں پارٹی کا کنوینشن لاہور میں ہوگا جس میں ملک بھر سے ایک ہزار دیانت دار اور محب وطن سیاسی کارکن شرکت کرینگے۔ اور اگلے سال ہم اس تعداد کو ایک لاکھ تک لیجائینگے انہوں نے کہا مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی اپنی ساکھ کھو چکی ہے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف تیزی سے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہیں اور ملک میں انقلاب کا راستہ ہموار ہو جائیگا ۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ جاگیرداروں ، وڈیروں کی ہماری پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں ہوگی پنجاب میں دیانتدار ، محب وطن سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد نے اس جماعت کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس سلسلہ میں پنجاب میں بھر پور مہم چلا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :