شکیل آفریدی کی قسمت کا فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نہیں پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے،چوہدری نثار

کسی کو ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کا حق نہیں، ٹرمپ یاد رکھیں پاکستان امریکہ کی کوئی کالونی نہیں ،آپ کو معلوم ہونا چاہیے خود مختار ریاست کے ساتھ کیسے پیش آیا جاتاہے،وفاقی وزیر داخلہ کا امریکی صدارتی امیدوا ر کے بیان پر ردعمل

منگل 3 مئی 2016 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مئی۔2016ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی پاکستانی ہے اور ان کی قسمت کا فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نہیں پاکستان کی عدالتوں نے کرنا ہے،پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے،کسی کو ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کا حق نہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ شکیل آفریدی پاکستانی ہے اور ان کی قسمت کا فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نہیں بلکہ پاکستان کی عدالتوں نے کرنا ہے ، کسی کو ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کا حق نہیں۔

چوہدری نثار کاکہناتھاکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر بننے کے بعد بھی شکیل آفریدی کا فیصلہ کرنے کے مجاز نہیں ہیں ، ڈونلڈٹرمپ یاد رکھیں کہ پاکستان امریکہ کی کوئی کالونی نہیں ہے ،آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ خود مختار ریاست کے ساتھ کیسے پیش آیا جاتاہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مقامی میڈیا کو انٹریو کے دوران کہاتھا کہ وہ صدر بن گئے تو شکیل آفریدی کو رہا کر دیں گے جبکہ چوہدری نثار کا بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ایبٹ آباد میں مبینہ طورپر اسامہ بن لادن کے خلاف امریکہ آپریشن کے پانچ سال مکمل ہوئے ہیں اور شکیل آفریدی نے جعلی وکسینیشن مہم چلا کر اسامہ بن لادن تک پہنچنے کے لیے امریکی اداروں کی مبینہ طورپر مدد کی تھی۔