پانامہ لیکس نے سب سیاستدانوں کا بھانڈہ پھوڑ کر رکھ د یا، جمہوریت کے نام پر سیاستدان عوام کو لوٹ رہے ہیں،افتخار محمد چوہدری

صنعتی ادارے مزدوروں کے حقوق نہیں ادا کر رہے مزدوروں سے ظلم کیا جا رہا ہے ہماری پارٹی جدوجہد کر کے پاکستان کے مزدوروں کو حقوق دلوائے گی، ملکی وسائل پر چوہدریوں ، وڈیروں پیروں اور میروں نے قبضہ کر رکھا ہے اور ان قابض افراد کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے، میرپورماتھیلو میں جلسے سے خطاب

پیر 2 مئی 2016 09:52

میرپور ماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مئی۔2016ء) پاکستان جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے صدرافتخار محمد چوہدری یوم مزدور کے موقع پر میرپور ماتھیلو میں کھاد بنانے کے کارخانے ایف ایف سی کے مزدوروں اور ڈہرکی میں مزدور تنظیموں کے جلسوں سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ صنعتی ادارے مزدوروں کے حقوق نہیں ادا کر رہے مزدوروں سے ظلم کیا جا رہا ہے اور ہماری پارٹی جدوجہد کر کے پاکستان کے مزدوروں کو حقوق دلوائے گی اور کہا کہ ملک کے وسائل پر چوہدریوں ، وڈیروں پیروں اور میروں نے قبضہ کر رکھا ہے اور ان قابض افراد کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے ۔

افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں باری باری پانچ سال تک حکومت کرتی ہیں او ر سیاستدان عوام کے پیسے سے آف شور کمپنیاں بناتے ہیں، فلیٹ خرید کرتے ہیں، عوام کے پیسوں سے بیرون ملک محل خریدے جاتے ہیں، حیرت کی بات ہے اس ملکیت کو الیکشن کمیشن کے فارم میں ظاہر نہیں کیا جاتا، یہ تو پانامہ لیکس نے سب سیاستدانوں کا بھانڈہ پھوڑ کر رکھ دیا ہے، انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے نام پر سیاستدان عوام کو لوٹ رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 1980 کی دہائی میں کسی ایک بھی سیاستدان کے پاس کوئی کارخانہ نہیں تھا یہ کیسا معجزہ ہوا کہ اب سیاستدان اربوں کھربوں روپے کے مالک بن گئے ہیں عوام اور مزدور کی حالت وہی کی وہی ہیان کا کہنا تھا کہ کوئی سیاستدان ملک کیساتھ وفادار نہیں ہر کوئی اپنے حصے کی کرپشن کر کے لوٹ مار کرتا رہتا ہے ، اور کہا کہ جن کے پا س کبھی ایک کارخانا بھی نہیں تھا اب وہ اربوں روپے مالیت کے کارخانوں کے مالک بن چکے ہیں ، انکا کہنا تھا کہ صدارتی طرز حکمرانی سے ہی ملک ترقی کی طرف گامزن ہو سکتا ہے، انہوں نے ملک میں صدارتی طرز حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان صرف ایک دوسرے کو بچانے میں پورے ہیں اس وقت قومی اسیمبلی میں ایسے رکن قومی اسیمبلی بیٹھے ہیں جو استعیفے دے چکے ہیں ، قانونی اور آئینی طور پر انہیں قومی اسیمبلی میں بیٹھنے اور نمائندگی کا حق نہیں مگر اسپیکر قومی اسیمبلی نے قانون اور آئین سے ماورا ہو کر ان کے استعیفے قبول نہیں کیئے۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر)نے افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ضلع گھوٹکی کے صنعتی ادارے مزدوروں کو اپنا حق دیں ورنہ ہم مزدوروں کے حقوق کے لئے قانونی جنگ لڑیں گے۔افتخار محمد کی قیادت میں یوم مزدور کے حوالے سے سینکڑوں کی تعداد میں مزدوروں نے ڈہرکی سے میرپورماتھیلو تک ریلی بھی نکالی ، اس موقع پر گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے گئے۔