ایران ،ٹریننگ کے دوران خامنہ ای کا محافظ کرنل ہلاک

کرنل حسن اکبری کی موت تربیتی مشقوں کے دوران اسلحے میں تکنیکی خرابی کے باعث واقع ہوئی، حکام

پیر 2 مئی 2016 10:59

تہرا ن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مئی۔2016ء)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کی سیکیورٹی پر مامور کرنل کے عہدے کا ایک افسر ٹریننگ کے دوران ہلاک ہو گیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کیمطابق پاسداران انقلاب کی سرکاری ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے حفاظتی دستے میں شامل کرنل حسن اکبری تربیتی مشقوں کے دوران ہلاک ہو گیا۔

ایران کی ”سبا نیوز“ ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کرنل حسن اکبری کی موت تربیتی مشقوں کے دوران اسلحے میں تکنیکی خرابی کے باعث واقع ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے فوجی افسر کا تعلق پاسداران انقلاب ”ولی الامر“ یونٹ سے تھا جو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

کرنل حسن اکبری کی ہلاکت کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم اس حوالے سے ایرانی میڈیا میں مختلف قیاس آرائیاں پائی جا رہی ہیں۔ بعض ذرائع حسن اکبری کی ہلاکت کو باضابطہ منصوبہ بندی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ماضی میں پیش آنے والے واقعات کا تسلسل قرار دیتے ہیں۔ اس سے قبل سابق صدر محمود احمدی نڑاد کے ذاتی محافظ عبداللہ باقری شام کے شہر حلب میں ہلاک ہو گئے تھے۔ جب کہ جامعہ تہران کے امام آیت اللہ امامی کاشانی کے محافظ محسن فرامرزی کو بھی پچھلے سال دسمبر میں حلب میں پراسرار حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :