بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ 2018 تک ختم ہو جائے گی،عابدشیرعلی

ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا نے والوں کو عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ،آئندہ بھی کریں گے پانامہ لیکس معا ملے پر چیف جسٹس چاہیں تو ٹی او آرز میں تبدیلی لا سکتے ہیں خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں چوہوں کا عذاب نازل ہو چکا ہے،خصوصی گفتگو

اتوار 1 مئی 2016 11:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1مئی۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ 2018 تک ختم ہو جائے گی اور جو عناصر ملک کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں انہیں پاکستان کے عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی انہیں مسترد کریں گے ۔ عابد شیر علی یہ بات خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں پر چوہوں کا عذاب نازل ہو چکا ہے چوہوں کے کاٹنے کی وجہ سے سینکڑوں بچے ہسپتال پہنچ چکے تھے چنانچہ اس عذاب کی وجہ سے کے پی کے عوام نہ صرف چیخ و پکار کر رہے ہیں بلکہ اب انہوں نے چوہوں کی روک تھام کے لئے احتجاج بھی شروع کر دیا ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کی جانوں کو بچایا جائے ۔

(جاری ہے)

چوہے اس قدر موٹے ہیں اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کتنی کرپشن ہے عابد شیر علی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا دامن صاف ہے اسی لئے انہوں نے پانامہ لیکس کے مسئلہ پر چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے اور چیف جسٹس اگر چاہیں تو وہ ٹی او آرز میں تبدیلی لا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگی کارکنوں کو عمران خان اور ان کے دیگر سیاسی رہنماؤں کے بارے میں اشتعال پایا جا رہا ہے ہم نے اپنے کارکنوں کو وزیر اعظم کی ہدایت پر مشتعل ہونے سے روکے رکھا ہے اگر عمران خان اور دیگر اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے اپنی زبان پر قابو نہ پایا تو ہم اپنے کارکنوں کو روک نہیں سکیں گے اور بنی گالا ، لال حویلی اور دیگر ایسی جگہوں پر بھی دھرنا کے ساتھ ساتھ احتجاج کریں گے ۔

جس سے ملک میں انارکی اور بدمزگی پھیلنے کا اندیشہ ہے مگر ہم ایسا نہیں چاہتے ۔