آ ئندہ عام انتخابات میں عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہوں گے،خیبرپختونخوا میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی،پرویزخٹک

عوام باشعور ہیں اپنا مستقبل چوروں لیٹروں کے حوالے نہیں کریں گے،اپنے پانچ سالہ دو رمیں انہوں نے چوری چکار ی کے سوا کیاکیااور اپنی حکومت میں ہی گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے، عوامی جلسے سے خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 09:20

نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اپریل۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں نظام کی تبدیلی ،کرپشن کمیشن کے خلاف جہاد، غریب عوام کا عزت نفس بحال کرنے اوراداروں کی بحالی کاجو سفر شروع کیا اس میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوچکی ہے یہی وجہ ہے کہ مخالفین بوکھلاہٹ کاشکار ہے اور ان کواپنی حیثیت کا اندازہ لگ چکا ہے۔

آنے والے عام انتخابات میں عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے اور خیبرپختونخوا میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی عوام باشعور ہیں اپنا مستقبل چوروں لیٹروں کے حوالے نہیں کریں گے۔ اپنے پانچ سالہ دو رمیں انہوں نے چوری چکار ی کے سوا کیاکیااور اپنی حکومت میں ہی گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے تھے وہ یونین کونسل ڈاگ بے سود میں عوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر درجنوں افراد نے پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے ان کو پی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں۔ جلسے سے ضلعی کونسلر اسرار نبی، ایم پی اے میاں خلیق الرحمن، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک نے خطاب کیا جبکہ ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، نائب ناظم اشفاق احمد خان،تحصیل ناظم پبی میاں مرتضی الرحمن ، نائب ناظم ساجد خان لالاضلعی کونسلر سید عمل شاہ سمیت بڑی تعداد میں منتخب بلدیاتی نمائندوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شرکت کی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ سابقہ لیڈروں کو اب نوشہرہ یا د آیا ہے۔ اپنے دور اقتدار میں انہوں نے نوشہر ہ کے کتنے دور ے کئے تھے اور نوشہرہ کو کتنا ترقیاتی فنڈ دیا تھا۔ انہو ں نے کہا کہ ان کا پانچ سالہ دور اقتدار صوبے کی تاریخ کا تاریک دور تھا۔ میں نے خود ان کی حکومت میں ساڑے تین سال بطور وزیر گزارے۔ میں نے بہت نزدیک سے ان کی کرپشن نوکریوں تقرریوں کی قیمتیں وصول کرنے، ترقیاتی منصوبوں پر ایڈوانس بیس فیصد کمیشن وصول کرنے، سرکاری زمینیں فروخت کرنے ،ہسپتالوں اور سکولوں کو ٹھیکے پر دینے کی داستانیں دیکھی ہیں اگر کچھ دن اوران کواقتدار مل جاتا تو یہ صوبے کے محکموں کوٹھیکے پر دے دیتے۔

انہوں نے کہا کہ چند لیڈر تقریروں میں یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم پرویز خٹک سے استاد اور ڈاکٹرز پٹواری اور پولیس اہلکارو ں کے حوالے سے پوچھیں گے۔ وہ اپنے دل سے دوبارہ اقتدار کاخیال نکال دیں یہ غیور عوام چوروں کاساتھ کبھی نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں پختونوں اور غریب عوام کا استحصال کیا اور آئندہ بھی ان کا یہی ایجنڈ ا ہے۔

پی ٹی آئی نے تمام اداروں سے سیاسی مداخلت نکال دی ہے۔ پولیس اور پٹوار خانوں میں غریب عوام کی عز ت نفس بحال کرنے، سرکاری ملازمین پر رشوت کے دروازے بند کرنے، سکولوں میں اساتذہ اورہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حاضری یقینی بنانے، غریب کے بچوں کوبہتر تعلیم، اچھی صحت اوران کے بنیادی مسائل کے حل کے ایجنڈ ا پر عمل پیرا ہیں۔ ہمارے تین سالہ دورحکومت میں کسی ایم پی اے اور نہ وزیر نے ٹھیکے تقسیم کیے اورنہ کمیشن وصول کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے لیے نہ گھر خرید سکتا ہوں اورنہ لینڈ کروز کاسوچ سکتا ہوں۔ یہ سب حرام کی دولت سے آتے ہیں اور اللہ کے فضل وکرم سے میرے ہاتھ صاف ہیں اور میرے گھرمیں کوئی حرام کاپیسہ نہیں جاسکتا انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ایماندار قیادت کو منتخب کریں۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اس وقت تک حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی جب تک اس ملک کے حکمران اور سیاسی قیادت ایماندار نہ ہو۔

اس ملک کابہت بڑ ا المیہ یہی رہا ہے کہ جو بھی سیاسی جماعت برسرار اقتدار آئی قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹاگیا اسکا بعین ثبوت یہ ہے کہ ہر پیدا ہونے والا بچہ ایک لاکھ بیس ہزار وپے مقروض پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یورپ، امریکہ، چین ،سعودی عرب سمیت درجنوں ممالک کے مقرو ض ہیں۔ ہمارے صدر ، وزیراعظم اور سب وزراء ان ملکوں سے ہاتھ جوڑ کر قرضے مانگتے ہیں اور پھر انہی ممالک کی پالیسیاں ہم پر مسلط ہوتی ہیں ا س ملک میں کب تک قرضوں کی بے ساکھیوں کے سہارے جینا ہوگا اب وقت آگیا ہے کہ عوام کو عمران خان جیسی صاف ستھری قیاد ت میسر آچکی ہے اس کافائدہ اٹھاتے ہوئے عوام آنے والے انتخابات میں تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیکر عمران خان کووزیراعظم بنا کر ملک کو قرضوں، کرپشن ،اقرابا پروری، غریبوں کااستحصال ختم کرکے اس ملک کوامریکی، یورپی اور آئی ایم ایف سے نجات دلائیں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں ترقیاتی عمل کاآغاز کردیا ہے۔ مخالفین کی یہ بات بالکل غلط ہے کہ تحریک انصاف نے پہلے سال79 فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ کیا دوسرے سال 90 فیصد بجٹ خرچ کیا اور اب تک82 فیصد فنڈ ز خرچ ہوچکے ہیں ان کے اعداد وشمار غلط اور بے بنیا دہیں۔انہوں نے کہا کہ نوشہر ہ میں آئندہ ماہ میڈیکل کمپلیکس جدید ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح ہوگا نوشہر ہ میں پاکستان کی پہلی ٹیکنکل یونیورسٹی نے کام شروع کیا ہے۔

عوام کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے بائیس ارب روپے کا منصوبہ جاری ہے جس میں پہلے سال سات ارب روپے کا فنڈ جاری ہوچکا ہے اس سال مزید سات ارب روپے جاری کریں گے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عوام آگے بڑھیں یہ عوام کاپیسہ ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو قائم رکھنے اورکرپشن کے خاتمے میں ہمارا ساتھ دیں انہوں نے نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کیا مخالفین پی ٹی آئی کے خلاف غلط پروپیگنڈے کے ذریعے میڈیا میں اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی کوشش کررہے اور اپنے جلسوں میں پرانے کارکنوں کو دوبارہ شامل کرکے ٹوپیاں پہنا کرعوام کو دھوکہ دے رہے عوام کو ان کی حیثیت معلوم ہے آنے والے انتخابات میں ان کواپنی حیثیت کااندازہ لگ جائے گا۔