حلب کے اسپتال پر حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا: اقوام متحدہ

اسپتالوں پر بمباری جنگی جرم قرار ،ماسکو اور واشنگٹن امن بات چیت ناکام نہیں ہونے دیں گے۔ڈی میستورا

ہفتہ 30 اپریل 2016 10:20

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اپریل۔2016ء)شام کے شہر حلب میں اسپتال پر مبینہ طور پر شامی فوج کے جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری پر شام کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب اسٹیفن ڈی میستورا نے کہا ہے کہ اسپتال پر حملے اچانک نہیں اور نہ ہی یہ غلطی کا نیتجہ ہیں۔ یہ حملے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اسپتالوں پر بمباری کو جنگی جرم قرار دیا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے یو این ایلچی کا کہنا تھا کہ حلب کے القدس اسپتال پر بمباری باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی اور یہ سنگین نوعیت کا جنگی جرم ہے جس میں بے گناہ شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور طبی عملے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈی میستورا کا کہنا تھا کہ شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں جنیوا میں جاری مذاکرات کو جاری رہنا چاہیے۔ امن بات چیت کی کامیابی کی سب سے بھاری ذمہ داری امریکا اور روس پر عاید ہوتی ہے۔ امید ہے کہ ماسکو اور واشنگٹن امن بات چیت ناکام نہیں ہونے دیں گے۔